وزیراعلیٰ نے پولیس شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خود دعا کرائی

پولیس شہداء پیکیج میں گھر کی خریداری کے لئے 25لاکھ روپے شامل کرنے کی ہدایت

جمعہ 15 اپریل 2016 20:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پولیس شہداء پیکیج میں گھر کی خریداری کیلئے 25لاکھ روپے شامل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو شہداء پیکیج کی تفصیلات سے آگاہ کیاگیا توانہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصراورڈاکوؤں سے نبردآزما پولیس اہلکاروں کی جرأت اورہمت کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے اور فرائض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے اہلکار قوم کے ہیروہیں اوران کے لواحقین کی دیکھ بھال ہماری اولین ذمہ داری ہے جو ہر صورت نبھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہداء پیکیج میں گھر کیلئے 25لاکھ روپے شامل کیے جائیں تاکہ شہداء کے لواحقین کو اپنی چھت کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ شہبازشریف نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خود دعا کرائی۔وزیراعلیٰ نے دعا کراتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصرکاقلع قمع کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہمت اورحوصلے سے آگے بڑھنا ہے ۔

شہداء قوم کے ہیرو ہیں انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔وزیراعلیٰ اور اجلاس کے شرکاء نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب شہداء کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں اورپولیس اہلکاروں نے اپنی زندگیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے جانیں قربان کیں۔

متعلقہ عنوان :