میڈیا پرغیراخلاقی ڈراموں پر پابندی ، بجلی کے بلوں میں سرکاری ٹی وی کی 35روپے فیس وصولی کے اقدام کیخلاف دائر درخواست پر نوٹس جاری

جمعہ 15 اپریل 2016 20:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء ) لاہورہائی کورٹ نے میڈیا پرغیراخلاقی ڈراموں پر پابندی اور بجلی کے بلوں میں سرکاری ٹی وی کی 35روپے فیس وصولی کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت،وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات ،چیئرمین پیمرا اور ایم ڈی پی ٹی وی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشیدکے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پرغیراخلاقی پروگرام اور ڈرامے چلائے جاتے ہیں۔ میڈیا کو ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کے حوالے سے پیمرا کی سفارشات پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔ میڈیا پر غیراخلاقی مواد نوجوان طبقے کو گمراہ کر رہا ہے، جواسلامی اقدار اور آئین پاکستان کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کے لئے پیمرا کو احکامات صادر کئے جائیں اور پیمرا سے عمل درآمد رپورٹ طلب کی جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ بجلی کے بلوں میں سرکاری ٹی وی کی 35روپے فیس کی وصولی کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔ جس پر عدالت نے وفاقی حکومت،وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات ،چیئرمین پیمرا اور ایم ڈی پی ٹی وی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 31مئی کو جواب طلب کر لیا ۔

متعلقہ عنوان :