ہائیکورٹ نے سرکاری خزانے سے وزیر اعظم کے بیرون ملک علاج کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیا

جمعہ 15 اپریل 2016 20:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری خزانے سے وزیر اعظم کے بیرون ملک علاج کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی طر ف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عام اآدمی کو ہسپتالوں میں ادویات تک دستیاب نہیں ،ملک قرضوں کے بوجھ کے نیچے دبا ہے مگر وزیر اعظم سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج کرا رہے ہیں جو کہ واضح طور پر امتیازی سلوک کے مترداف ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت کسی بھی شہری کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے دور حکومت میں ایک بھی ایسا ہسپتال تعمیر نہیں کرا سکے جس میں ان کا اپنا علاج ہو سکتا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی سرکاری خرچ پر وزیر اعظم کے بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور اٹارنی جنرل کو 11مئی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔