ہیٹ اسٹروک سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم نے پلان تیار کر لیا ہے،جام مہتاب

وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے گرمی میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے ،صوبائی وزیر صحت کا سند اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر جواب

جمعہ 15 اپریل 2016 19:29

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء ) سندھ کے وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے پیدا ہونے والی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم نے پلان تیار کر لیا ہے ۔ ہم گذشتہ دو ماہ سے یہ پلان بنانے میں مصروف تھے ۔ سندھ ہائیکورٹ نے ہمارے اس پلان کو سراہا ہے ۔ وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکن سیف الدین خالد کے نکتہ اعتراض پر بیان دے رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے 177 ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں ۔ مختلف اداروں کی ایمبولینس سروس اور نجی اسپتالوں کی ایمبولینس سروس سے بھی رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کو ایک خط لکھا ہے کہ گرمی میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاکہ ہیٹ اسٹروک سے ہونے والی اموات سے بچا جا سکے ۔ کے الیکٹرک سے بھی بات کی گئی ہے کہ وہ گرمیوں میں تیل سے بجلی پیدا کرنے کے اقدامات کرے تاکہ کراچی میں بجلی کی قلت نہ ہو ۔