سلطان اذلان شاہ کپ ،پاکستان نے لگاتار چار شکستوں کے بعد بالآخر کامیابی حاصل کرلی ،جاپان کو 4-1سے مات دیدی

جمعہ 15 اپریل 2016 19:22

سلطان اذلان شاہ کپ ،پاکستان نے لگاتار چار شکستوں کے بعد بالآخر کامیابی ..

ایپوہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان نے لگاتار چار شکستوں کے بعد بالآخر کامیابی حاصل کرتے ہوئے جاپان کو 4-1سے مات دیدی۔ملائیشا میں جاری سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں جاپان کے خلاف کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں تاہم میچ کے 20ویں منٹ میں علی شان نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلا دی جبکہ چار منٹ بعد رضوان علی نے گول کر کے پاکستان کی برتری ڈبل کردی۔

دوسرے کوارٹر کے اختتام تک پاکستان کو 2-0کی برتری حاصل تھی لیکن تیسرے کوارٹر میں دونوں ہی ٹیمیں کوئی گول کرنے سے قاصر رہیں۔چوتھے اور آخری کوارٹر میں جاپان نے نسبتاً جارحانہ انداز اپنایا اور کھیل کے 48ویں منٹ میں ملنے والے پینالٹی کارنر کو شوٹا ینادا نے گول میں تبدیل کر کے پاکستان کی برتری کو کم کردیا۔

(جاری ہے)

لیکن جاپان کی یہ خوشی زیادہ دیر ت قائم نہ رہ سکی اور چند سیکنڈ بعد ہی محمد ارسلان نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر پاکستان کو 3-1کی برتری دلا دی۔

میچ ختم ہونے سے تین منٹ قبل ارسلان نے ایک اور گول داغتے ہوئے پاکستان کو 4-1کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور گرین شرٹس نے ایونٹ میں دوسری فتح اپنے نام کر لی۔کینیڈا کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرنے والی پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، ہندوستان اور ملائیشیا کے خلاف یکے بعد دیگرے شکستوں کے سبب ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔دوسری جانب جاپان کی ٹیم کیلئے یہ ایونٹ کسی ڈرانے خواب سے کم نہ تھا جسے ٹورنامنٹ کے تمام چھ میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :