دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے معاشرے میں ریڈیکل سوچ کو شکست دینا ہوگی‘ وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

جمعہ 15 اپریل 2016 16:57

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء)صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت سے مستقل نجات کیلئے ہمیں معاشرے میں انتہاپسندی اور نفرت پر مبنی رویوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی،ایک دوسرے کے زاویہٴ نظر کو ٹھنڈے دل سے سمجھنے اور سماجی و معاشی محرومیوں کے باعث مایوسی اور مزاج میں غصے کی بجائے اپنے کام سے لگن اور محبت کی فراوانی میں ہی کامیابی کا راز پنہاں ہے۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں گریڈ 20سے گریڈ21میں ترقی سے مشروط 104ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے51شرکاء کے وفد کے ساتھ بریفنگ اجلاس سے خطاب میں کہی۔ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی محمد اسماعیل قریشی کی سربراہی میں پنجاب کے ڈویلپمنٹ پروفائل اور امن عامہ کے حوالے سے حکومتی لائحہ عمل سے آگاہی کیلئے سول سیکرٹریٹ لاہور کا مطالعاتی دورہ کرنے والے سینئر افسران کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب جواد رفیق ملک اور صحت و تعلیم ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے انتظامی سیکرٹریز نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ پاکستانی معاشرے کو ریڈیکل سوچ سے باہر نکال کر نوجوان نسل کے سوچنے کے انداز کو مثبت نہج دینا بہت ضروری ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جسے اپناکر ہم آنے والی نسلوں کو ترقی کے راستے پر ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے اعلیٰ تعلیم کے تمام اداروں کے نصاب میں امن ،بھائی چارے اور باہمی تعاون کی برکات اور اسلام میں اخوت کی اہمیت سے متعلق ضروری معلومات شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی طرح اوسط ذہانت رکھنے والے نوجوانوں کیلئے ٹیوٹا(TEVTA) کے توسط سے سالانہ 20لاکھ ہنرمند افرادی قوت تیارکی جا رہی ہے۔پنجاب میں زراعت ، خدمات اور چھوٹی سرمایہ کاری پر مبنی تجارتی سرگرمیوں سے منسلک مختلف ہنر طلباء و طالبات کیلئے دستیاب ہیں۔ حکومت نے انڈسٹریل سٹی کیلئے موٹروے ”ایم-تھری“پر 5.4ارب روپے کی سرمایہ کاری فراہم کی ہے جبکہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے توسط سے صوبے میں 2نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بھی قائم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں 5ہزار ایکڑ اراضی پر محیط ”پنجاب چائنہ اکنامک زون“ کا قیام بھی بہت جلد عملی شکل اختیار کر لے گا۔ان اقدامات سے عام لوگ خوشحال ہوں گے اور دہشت گرد عناصر کو اپنے ہمدرد ڈھونڈنے میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال قرار دیا اور کہاکہ ہمارے نوجوانوں کو دہشت گردوں کی نرسری (بریڈنگ گراؤنڈ) بنانے والے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

یہ ایک مسلسل جنگ ہے۔ پنجاب میں اس اہم ترین جنگ کا ابھی فرسٹ راؤنڈ شروع ہوا ہے۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز ، پولیس اور کاؤنٹرٹیررازم فورس ”ری گروپنگ“کر رہی ہے اور انشاء اللہ دہشت گردوں کو پنجاب میں بھی شکست فاش ہوگی۔اس موقع پر ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی محمد اسماعیل قریشی نے اس عزم کا اظہار کیاکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت چائنہ پاکستان اکنامک کاریڈور کو محض ٹرانزٹ کاریڈور سمجھنے کی بجائے اسے پاکستان کے وسیع تر معاشی مفاد میں بروئے کار لائے گی کیونکہ یہ منصوبہ راہداری کی وصولی سے کہیں زیادہ قومی اہمیت کا حامل ہے۔