معین خان قائم مقام کوچ کے عہدے کی دوڑ میں شامل :شہریار خان

جمعہ 15 اپریل 2016 16:22

معین خان قائم مقام کوچ کے عہدے کی دوڑ میں شامل :شہریار خان

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔15اپریل 2016ء )قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کو ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ بورڈ میں لانے کی تیاریاں زور و شور سے شروع ہوچکی ہیں،چیئر مین شہریار خان کے مطابق سابق کپتان اہم عہدے حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کے پی سی بی میں آنے کے بعد ایسا محسوس ہوا کہ شاید معین خان کے بغیر پاکستانی کرکٹ ادھوری ہے کیوں کے انہیں بورڈ میں ہر اہم عہدہ سے نوازا گیا ۔

پہلے انہیں منیجر کا عہدہ دیا گیا تاہم ڈیو واٹمور کے جانے کے بعد انہیں ٹیم کا کوچ بنا دیا گیا ،وہ یہاں ناکام رہے توانہیں پھر منیجر اور چیف سلیکٹر جیتے اہم عہدے دے دیئے گئے۔سابق کوچ وقار یونس نے معین خان کے اسی دور کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ وہ کرکٹرز کو تحفے تحائف دیتے اور مخصوص کھلاڑیوں کو کھانا کھلانے لے جاتے رہے جس کے باعث کوچ کی اپنی ٹیم پر گرفت کمزور پڑی ۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ 2015ء میں ٹیم کے منیجر یوں تو نوید اکرم چیمہ تھے تاہم معین خان کو بھی آسٹریلیا بھیجا گیا جس نے ٹیم مینجمنٹ کو پریشان کرکے رکھ دیا ۔ معین نیوزی لینڈ کے کیسینو میں جوا کھیلتے پکڑے گئے جس سے قومی ٹیم اور پاکستان کی رسوائی ہونے کے ساتھ ساتھ پی سی بی کو بھی اپنے اس فیصلے پر جگ ہسائی کا سامنا کرنا پڑا۔پی سی بی کی انکوائری کمیٹی نے تو معین کو کلین چٹ دے دی تاہم عوامی دباؤ کے پیش نظر انہیں پی سی بی سے دور رکھا گیا تاہم اب ایک بار معین خان کے ”چاہنے والے“ انہیں واپس لانے کے لیے سرگرم ہیں جبکہ دوسری جانب چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ معین خان قائم مقام کوچ کے عہدے کی دوڑ میں شامل ہیں ۔