32 ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز کل ہو گا،آصف، سجاد، بلال اور شہزاد ایکشن میں نظر آئیں گے

جمعہ 15 اپریل 2016 16:15

دوحہ ۔ 15 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 اپریل۔2016ء) 32 ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز کل ہفتہ کو دوحہ، قطر میں ہو رہا ہے جس میں چار پاکستانی کیوئسٹس محمدآصف، محمدسجاد، محمدبلال اور سہیل شہزاد ایکشن میں نظر آئیں گے۔ دفاعی چیمپئن پاکستانی کیوئسٹ حمزہ اکبر پروفیشنل مصروفیات کے باعث ایونٹ میں حصہ نہیں لے رہے اور ان کی جگہ بھارتی کیوئسٹ پنکج ایڈوانی کو ٹاپ سیڈ مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

8 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں میزبان قطر سمیت 11 ممالک کے کیوئسٹس ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گے، چیمپئن شپ میں شرکت کرنی والی ٹیموں میں میزبان قطر، پاکستان، بھارت، ہانگ کانگ، کوریا، فلسطین، سری لنکا، شام، بحرین، سعودی عرب اور ترکمانستان شامل ہیں، ایونٹ میں شریک 58 کیوئسٹس کو 12 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، محمد آصف کو گروپ بی، محمدبلال کو گروپ سی، سہیل شہزاد کو گروپ ڈی اور محمدسجاد کو گروپ جے میں رکھا گیا ہے۔ ابتدائی روز پاکستانی کیوئسٹس بلال کورین کیوئسٹ، آصف فلسطین کے کیوئسٹ، سجاد ہانگ کانگ اور شہزاد روایتی حریف بھارتی کیوئسٹ کے خلاف مہم کا آغاز کریں گے۔

متعلقہ عنوان :