سعودی عرب ،موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے 18 افراد ہلاک، 27 افراد زخمی

جمعہ 15 اپریل 2016 12:43

سعودی عرب ،موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے 18 افراد ہلاک، 27 افراد زخمی

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اپریل۔2016ء) سعودی عرب میں جاری موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے ایک ہفتے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ فرا نسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی سول ڈیفنس ایجنسی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاکتیں ریاض، مکہ، مدینہ، البہا، نجران اور جزان کے علاقوں میں ہوئی ہیں۔ایجنسی کا کہنا تھا کہ انھوں نے 915 افراد کو امدادی سرگرمیوں کے دوران بچایا۔

(جاری ہے)

سعودیہ کے سرکاری ٹی وی کے مطابق دو افراد یمن کے سرحد کے قریب سعودی عرب کے علاقے جزان میں ہلاک ہوئے ہیں۔الخباریہ نیوز چینل نے ٹوئٹ کیا ہے کہ دو افراد پہاڑی ضلع میں سیلاب پانی کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔سعودیہ کی ریڈ کریسنٹ نے علیحدہ رپورٹ کیا کہ ایک شخص جزان شہر سے 300 کلومیٹر دور البہا کے علاقے میں ہلاک ہوا۔اس کے علاوہ 3 روز تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے البہا میں 27 افراد زخمی بھی ہوئے۔یاد رہے کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کا نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے، ریاض میں سیلابی پانی سٹرکوں پر آنے کی وجہ سے اسکول بند کردیئے گے ہیں۔