نیشنل ایکشن پلان اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، بلیغ الرحمان

جمعہ 15 اپریل 2016 12:33

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 اپریل۔2016ء) سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، پچھلے تین سال میں اسلام آباد میں اقلیتوں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا میں سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹر احمد حسن کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا کہ پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی حفاظت ہمارا مذہبی فریضہ بھی ہے، پولیس حکام کو ہدایت بھی کی گئی ہے کہ اقلیتوں کے حقوق سے متعلق معاملات پر ترجیحی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران وفاقی دارالحکومت میں اقلیتوں کے خلاف تشدد کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ راجن پور میں چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس اور رینجرز آپریشن کررہی ہے، گینگ کئی سالوں سے کارروائیاں کر رہا تھا، اس کے خلاف کارروائی بہتری کی علامت ہے۔ اسی طرح فاٹا کے جو علاقے نوگو ایریاز تھے وہاں پر دہشت گردوں کا صفایا کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :