پی سی بی نے کوچ ‘ منیجر اور چیف سلیکٹر کا فیصلہ کرلیا

جمعہ 15 اپریل 2016 12:25

پی سی بی نے کوچ ‘ منیجر اور چیف سلیکٹر کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) قومی ٹیم کی مینجمنٹ کیلئے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے جہاں محسن حسن خان، اقبال قاسم اور ڈین جونز کو ممکنہ طور پر عہدے دیے جائیں گے تاہم سابق کوچ معین خان بورڈ کے منصوبوں کا حصہ نہیں ہیں۔ایک پی سی بی آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بورڈ مئی میں قومی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچ کا تقرر کریگا اور ممکنہ طور پر سابق آسٹریلین بلے باز ڈین جونز کو ذمے داریاں سونپی جائیں گی۔

باوثوخ ذرائع کے مطابق ٹام موڈی بھی کوچ کے عہدے کیلئے پی سی بی کی نظروں میں ہیں اور انہیں بھی مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی نے قومی ٹیم کیلئے بہترین کوچ ڈھونڈنے کیلئے سابق ٹیسٹ کرکٹرز وسیم اکرم اور رمیز راجہ کو یہ ذمے داریاں سونپی تھیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق نئے کوچ کی پہلی ذمے داری جولائی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز ہو گی جسے گرین شرٹس کیلئے ایک برا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

آفیشل نے بتایا کہ پہلے سابق فاسٹ باوٴلر عاقب جاوید بھی اس نوکری میں دلچسپی رکھتے تھے لیکن جب انہوں نے اس طرح کی اطلاعات سنیں کہ پی سی بی غیرملکی کوچ کی تقرری میں دلچسپی لے رہا ہے تو وہ اس سے دستبردار ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ محسن خان بھی کوچ کے عہدے میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن پی سی بی انہیں چیف سلیکٹر کا منصب سونپنا چاہتا ہے تاہم محسن نے پی سی بی کی اس پیشکش کو مسترد کردیا جس کے بعد بورڈ نے انہیں ٹیم منیجر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی آفیشل نے بتایا کہ چیف سلیکٹر کا عہدہ اقبال قاسم کو سونپا جائے گا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سابق کپتان اور کوچ معین خان بورڈ کے منصوبوں کا حصہ نہیں ہیں اور انہیں کوئی بھی ذمے داری سونپے جانے کا امکان نہیں۔