روئی کی قیمتیں 100 روپے فی من مزید اضافے کے ساتھ 5 ہزار 700 روپے تک پہنچ گئیں

روئی کے ذخائر ٹیکسٹائل ملز کی ضروریات سے کم ہونے کے باعث بھی روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے،احسان الحق

جمعرات 14 اپریل 2016 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء) روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان ۔روئی کی قیمتیں 100 روپے فی من مزید اضافے کے ساتھ 5 ہزار 700 روپے جبکہ موخر ادائیگی پر 5 ہزار 750 روپے فی من تک پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ پاکستان بھر کے کاٹن زونز میں کپاس کی کاشت میں نامناسب موسمی حالات کے باعث ہونے والی غیر معمولی تاخیر جبکہ امریکہ اور بھارت میں بھی روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کے رجحان کے باعث پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران روئی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر کی ٹیکسٹائل ملز کو گیس اور بجلی کی مکمل فراہمی اور ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں روئی کے ذخائر ٹیکسٹائل ملز کی ضروریات سے کم ہونے کے باعث بھی روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف شہروں میں روئی اور پھٹی کی نئی فصل کے ایڈوانس سودے بھی شروع ہو گئے ہیں اور اطلاعات کے مطابق 25 جون ڈیلوری کی بنیاد پر پھٹی کے سودے 3ہزار روپے فی 40 کلو گرام جبکہ 30جون ڈیلوری کی بنیاد پر روئی کے سودے 5 ہزار 550 روپے فی من ہونے کی اطلاعات آ رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :