خیبرپختونخوا گیمز پشاور ریجن مقابلے کل سے شروع ہونگے

جمعرات 14 اپریل 2016 16:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء)خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں پشاورریجن گیمز کل 15 اپریل سے شروع ہو رہی ہیں اس سلسلے میں ڈی جی سپورٹس رشیدہ غزنوی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مقابلوں کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں گیمز کا پہلا مرحلہ پشاور میں آج سے 16 اپریل پشاور ڈویژنل گیمز کیساتھ ہی کامیابی سے اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا جبکہ اپریل کے آخری ہفتے میں میلہ کا آخری مرحلہ پشاور میں ہی سجے گا جس میں ہاکی کا فائنل مردان میں نئی بچھائی جانی والی آسٹروٹرف پر کھیلا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پشاور میں آج شروع ہونیوالے ریجنل گیمز کی افتتاحی تقریب لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوگی جس کے لئے ناظم پشاور عاصم خان کو بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا جبکہ اختتامی تقریب کے موقع پر ڈپٹی سپیکر کو مدعو کیاجائیگا ‘پشاور کی ریجنل گیمز میں میزبان پشاور کے علاوہ چارسدہ اور نوشہرہ ڈسٹرکٹ کی ٹیمیں بھی شرکت کرینگی جن میں مردوں کی15 اور خواتین کی 13مختلف گیمز منعقد ہوں گی مردوں کی گیمز قیوم سپورٹس کمپلیکس جبکہ خواتین کی گیمز پشاور یونیورسٹی‘پشاور بورڈ گراؤنڈ اور فرنٹیئر کالج پشاورمیں منعقد کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آخری مرحلے کے لئے انتظامات مکمل ہیں ‘انہوں نے کہا کہ انٹرڈویژنل گیمز کو نہایت شفاف انداز میں منعقد کیا گیا ‘کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں‘گیمز سے پہلے شکایات سیل بنایا گیا جس کے ذریعے موصول ہونیوالی شکایات پر ایکشن کیا گیا ‘ہر کھلاڑی کو مکمل کٹس فراہم کی گئی ہیں‘ڈیلی الاؤنس دیا گیا ان کے ڈیلی الاؤنس میں اضافہ کیا گیا اور آئندہ سال مزید اضافہ کریں گے ۔