قومی ٹیم کا کوچ ملکی ہو گا یا غیر ملکی تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا،دورہ انگلینڈ کے لئے عارضی کوچ بھی لیا جا سکتا ہے‘ شہریار خان

جمعرات 14 اپریل 2016 16:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورد کے چیئرمین شہریار خان نے کہاہے کہ قومی ٹیم کا کوچ ملکی ہو گا یا غیر ملکی اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیاتاہم دورہ انگلینڈ کے لئے عارضی کوچ بھی لیا جا سکتا ہے،ملک میں 8برس بعد بائیو مکینک لیب نے کام شروع کردیا ہے اس لئے محمد حفیظ چنئی جانے سے پہلے اپنا بولنگ ایکشن یہاں بھی چیک کروالیں تو ان کے لئے بہت آسانی ہو جائے گی،افغانستان، نیپال اور ورلڈ الیون کی ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں تاہم ان کی آمد کیلئے حکومت کی مدد درکار ہے ،اگلے ہفتے آئی سی سی کا بگ تھری سے متعلق اجلاس ہوگا جس میں بگ تھری رول بیک ہوجائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ اجلاس اور بعد ازاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

شہریار خان کا کہنا تھا کہ ابھی تک قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا کہ کوچ ملکی ہو گا یا غیر ملکی تاہم معین خان، محسن حسن خان اور عاقب جاوید سمیت تمام امیدواروں کے لئے دروازے کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان آئندہ ایک دو روز میں کردیا جائے گا جب کہ قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لئے عارضی کوچ بھی لیا جا سکتا ہے۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بائیو میٹرک ٹیسٹ 8 جولائی کو بھارت کے شہر چنئی میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 8 برس بعد بائیو مکینک لیب نے کام شروع کردیا ہے اس لئے محمد حفیظ چنئی جانے سے پہلے اپنا بولنگ ایکشن یہاں بھی چیک کروالیں تو ان کے لئے بہت آسانی ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے جائلزکلارک نے کوششیں کیں اور اس حوالے سے انہوں نے ورلڈالیون پاکستان بھیجنے کیلئے کوچزاور بجٹ بھی تیارکرلیا ہے، ورلڈ الیون کے میچز کرانے کیلئے حکومت کی اجازت درکار ہے۔

ہم نے بگ تھری کی ہمیشہ مخالفت کی اگلے ہفتے آئی سی سی کااس حوالے سے اجلاس ہوگا جس میں بگ تھری رول بیک ہوجائے گی۔انہوں نے بتایا کہ افغان اورنیپالی ٹیمیں بھی پاکستان کے دورے میں دلچسپی رکھتی ہیں تاہم ٹیموں کی پاکستان آمد کیلئے حکومت کی مدد درکار ہے ۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ ہر ریجن میں ایک گراؤنڈ کا ہونا ضروری ہے سکول چمپئن شپ کا اعلان جلد کیا جائیگا جس کے بعد کلب چمپئن شپ بھی کرائی جائے گی۔