فریال تالپور کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، آمدہ انتخابات بارے تفصیلی تبادلہ خیال

جمعرات 14 اپریل 2016 16:55

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور کی صدارت میں پیپلزپارٹی آزادکشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید،سپیکر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق، سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین، سینئر مشیر چوہدری محمد ریاض، وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر، وزیر کالجز محمد مطلوب انقلابی، وزیر ہاؤسنگ چوہدری پرویز اشرف، وزیر صحت سردار قمرالزمان،وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید، وزیر برقیات فیصل راٹھور، وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی، وزیر مال علی شان سونی، وزیر اوقاف افسر شاہد، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید، وزیر قانون سیداظہر گیلانی، ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار، وزیر ماحولیات شازیہ اکبر، چیئرپرسن پبلک اکاؤنٹ کمیٹی بیگم شمشاد عزیز، وزیر امور منگلا محمد حسین سرگالہ، وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد، ندیم اصغر کائرہ، سردار فہیم ربانی،راجہ آصف احمد علی، سردار محمد حسین،شوکت وزیر علی اور پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کااظہار کیاہے کہ پیپلزپارٹی یہ انتخابات جیتنے کے لیے بھرپور طریقے سے انتخابی میدان اتر ے گی ۔اجلاس میں حکومت کی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کااظہار کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجیدپر بھرپور اعتماد کااظہار کیا گیا۔ اجلاس میں آزادکشمیر کے اندر وفاقی حکومت کی مداخلت اور وفاقی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات اور رویہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور سیاسی قیادت کے بارے میں توہین آمیز خطاب کی شدید مذمت کی گئی اور کشمیر کونسل کے طرف سے اپنے امیدواروں کے لیے فنڈنگ کو پری پول رکنگ قرار دیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء کی طرف سے حکومت آزادکشمیر صدر ریاست اور وزیراعظم آزادکشمیر اور آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کے حوالے سے توہین آمیز گفتگو کی شدید مذمت کی گئی۔فریال تالپور نے اجلاس میں پارٹی کی تمام تنظیموں کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے حلقوں میں آمدہ انتخابات کے حوالے سے بھرپور طریقے سے انتخابی مہم کا آغاز کریں۔فریال تالپور نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو جلد آزادکشمیر میں بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اہل کشمیر کو اپنے ماتھے کا جھومر تصور کرتی ہے اور ہم نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو فوکس کیا اور اہل کشمیر کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دی۔ فریال تالپور نے اس موقع پر نکیال کے بعد حویلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن خواجہ یاسر کی قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیات کارکنوں کے خون کے انصاف کے لیے آخری حد تک جائے گی انہوں نے خواجہ یاسر کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔

اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے خواجہ یاسر کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ن لیگ قیادت کی آزادکشمیر میں غیر ضروری مداخلت اور وفاقی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات اور رویوں کی وجہ سے آزادکشمیر میں قتل ہورہے ہیں وفاقی وزراء آزادکشمیر میں جو افرا تفری پیدا کرکے لاشوں کی سیاست کو ررواج دے رہے ہیں وہ قابل مذمت ہے ۔