قومی ٹیم کے لیے فی الحال عارضی کوچ مقرر کرنے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی

جمعرات 14 اپریل 2016 16:16

قومی ٹیم کے لیے فی الحال عارضی کوچ مقرر کرنے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔14اپریل 2016ء )پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے لیے فی الحال عارضی کوچ مقرر کرنے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کی ناقص کاکردگی کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل 2رکنی کوچ فائنڈنگ کمیٹی قائم کرکے انہیں ٹیم کے لیے اگلا کوچ ڈھونڈنے کا کام سونپ دیا ۔

(جاری ہے)

دونوں سابق کپتان قومی ٹیم کا اگلا کوچ غیر ملکی دیکھنا چاہتے ہیں جس کے لیے وہ سابق آسٹریلوی کرکٹرز ڈین جونز اور ٹام موڈی سے رابطے میں بھی تھے لیکن اپنے متنازع بیانات کے باعث پی سی بی نے ڈین جونز کی بجائے کمیٹی کو ٹام موڈی سے بات چیت کرنے کی ہدایت کی تاہم پاکستان میں سکیورٹی خدشات اور انتہائی کم چھٹیوں کے باعث ٹام موڈی نے بھی پاکستانی ٹیم کی کوچنگ میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی جس کے بعد پی سی بی نے فی الحال گرین شرٹس کے لیے عارضی کوچ کا تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔