برآمد کنندگان کو ٹیکسوں کی مد میں ایک ارب8کروڑ روپے ٹیکس ریفنڈ کی منظوری

جمعرات 14 اپریل 2016 14:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 اپریل۔2016ء)حکومت نے برآمد کنندگان کو مقامی ٹیکسوں کی مد میں ایک ارب آٹھ کروڑ روپے کے ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی کی منظوری دے دی ہے۔ان ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے فوراً شروع کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے مالی سال دو ہزار پندرہ کے بجٹ میں غیر روایتی سیکٹرز میں برآمدات میں گذشتہ سال کے مقابلے میں دس فیصد یا اس سے زائد اضافہ کرنیوالے برآمدکنندگان کو مقامی ٹیکسوں میں چار فیصد کی چھوٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔

یہ سہولت ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے بھی میسر تھی۔اس دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ایک ارب اٹھ کروڑ روپے کے ریفنڈ کے کلیم موصول ہوئے جس کیلئے وزارت خزانہ نے اسٹیٹ بینک کو برآمد کنندگان کو ادائیگیوں کی منظوری دے دی ہے۔جن سیکٹرز میں ٹیکس ریفنڈ کی یہ سہو لت دی گئی ان میں مچھلی،گوشت،مصالحہ جات،کھیلوں کا سامان،چمڑے کی مصنوعات،سرجیکل آلات،کٹلری،فرنیچر، فارماسیوٹیکل،الیکٹرک پنکھے،صنعتی مشینری اور دوسرے برقی آلات شامل ہیں۔