افغانستان، نیپال اور ورلڈ الیون کی ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں ،حکومتی مدد درکار ہے‘ شہریار خان

جمعرات 14 اپریل 2016 13:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 اپریل۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ افغانستان، نیپال اور ورلڈ الیون کی ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں تاہم ان کی آمد کیلئے حکومت کی مدد درکار ہے ،اگلے ہفتے آئی سی سی کا بگ تھری سے متعلق اجلاس ہوگا جس میں بگ تھری رول بیک ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ جنرل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے جائلزکلارک نے کوششیں کیں اور اس حوالے سے انہوں نے ورلڈالیون پاکستان بھیجنے کیلئے کوچزاور بجٹ بھی تیارکرلیا ہے، ورلڈ الیون کے میچز کرانے کیلئے حکومت کی اجازت درکار ہے۔

ہم نے بگ تھری کی ہمیشہ مخالفت کی اگلے ہفتے آئی سی سی کااس حوالے سے اجلاس ہوگا جس میں بگ تھری رول بیک ہوجائے گی۔انہوں نے بتایا کہ افغان اورنیپالی ٹیمیں بھی پاکستان کے دورے میں دلچسپی رکھتی ہیں تاہم ٹیموں کی پاکستان آمد کیلئے حکومت کی مدد درکار ہے ۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ ہر ریجن میں ایک گراؤنڈ کا ہونا ضروری ہے سکول چمپئن شپ کا اعلان جلد کیا جائیگا جس کے بعد کلب چمپئن شپ بھی کرائی جائے گی۔