چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضے کانوٹس لے لیا

کوئی خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو سرکاری پراپرٹی پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے ‘محمد جلال سکندر سلطان راجہ

جمعرات 14 اپریل 2016 13:59

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 اپریل۔2016ء) آزادکشمیر کے چیف سیکرٹری محمد جلال سکندر سلطان راجہ نے سرکاری زمینوں کو لیز پر دینے لینڈ مافیا اور بااثر افراد کی جانب سے اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضے کانوٹس لے لیا محکمہ ابریشم کے زیر اہتمام تحصیل نصیر آباد میں پٹہکہ کے مقام پر ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر چیف سیکرٹری نے سرکاری اراضی پر قبضے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اس موقع پر سیکرٹری صنعت و حرفت اے کے ایم آئی ڈی سی اور ابریشم غلام بشیر مغل اور ڈائریکٹر ابریشم سردار محمد شفیق خان نے چیف سیکرٹری کو محکمہ ابریشم کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی چیف سیکرٹری محمد جلال سکندر سلطان راجہ کو بتایا گیا کہ آزادکشمیر کے مختلف اضلاع میں محکمہ ابریشم کی نرسریوں پر بااثر شخصیات نے قبضہ کر رکھا تھا ماضی کی حکومتوں نے قیمتی اراضی لیز پر دے رکھی تھی محکمہ کے افیسران اور اہلکاران نے عدالتوں میں مقدمات دائر کر کے محکمہ کی ملکیتی زمینوں کو واگزار کروایا ہے چیف سیکرٹری محمد جلال سکندر راجہ نے ریسرچ سینٹر پٹہکہ کی زمین کی واگزاری کا معاملہ فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی چیف سیکرٹری نے کہا کہ کوئی خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو سرکاری پراپرٹی پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے اور اس سلسلہ میں کوئی دباؤ قبول نہیں کرینگے چیف سیکرٹری نے ریسرچ سینٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور محکمے کی کارکردگی کو سراہا انہوں نے محکمہ کو مزید فعال بنانے کی بھی یقین دہانی کروائی اس موقع پر انکے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل سید آصف شاہ ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات منصور قادر ڈار ، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے ظفر بٹ سمیت دیگر اعلیٰ افیسران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :