چین میں پھنسے45پاکستانیوں میں سے 9افراد وطن واپس پہنچ گئے ہیں، او آئی سی رابطہ گروپ نے کشمیر کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھانے کے عزم اعادہ کیا ہے۔پاکستانی شام ، عراق،یمن اور لیبیا جانے سے اجتناب کریں۔، کلبھوشن یادیو سے تحقیقات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریاکی میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 14 اپریل 2016 13:03

چین میں پھنسے45پاکستانیوں میں سے 9افراد وطن واپس پہنچ گئے ہیں، او آئی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اپریل 2016ء) : ترجمان دفتر خاجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ او آئی سی نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے ۔بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، بھارتی فوج کے ہاتھوں چار کمشیریوں کا قتل قابل مذمت ہے۔ او آئی سی رابطہ گروپ نے کشمیر کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا عزم دہرایا۔

میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ یمن میں پاکستان مشن بند ہے ،پاکستانیوں کو سفری ہدایت نامہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جاری کیا گیا ہے۔ بھارتی قیدی کرپال سنگھ کو کوٹ لکھپت جیل میں ہی دل کا دورہ پڑا،کرپال سنگھ کو آئی سی یو منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ترجمان نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کو کرپال سنگھ کی طبیعت کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ کرپال سنگھ کی میت کو بھارت بھجوانے کے انتظامات بھی کر دئے گئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پٹھانکوٹ حملے پر پاکستان نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جس نے بھارت کا دورہ کیا اور تحقیقات کو حتمی شکل دی ۔بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے تحقیقات تاحال جاری ہیں، کلبھوشن یادیو سے انکوائری ختم نہیں ہوئی ، بلکہ بھارتی جاسوس کے اعترافات کے بعد را نیٹ ورک کے مزید لوگوں کو بھی گرفتار کیا گیا ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران نے پاکستان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ایران کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کے دورہ پاکستان کے دوران طے ہوئی پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کے لئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین رابطوں کی تفصیلات طے کیجا رہی ہیں۔ نفیس زکریا نے بتایا کہ چین میں پھنسے 45میں سے نو پاکستانی واپس آ چکے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔افغانستان میں امن کے لیے چار ملکی رابطہ کمیٹی کے کئی اجلاس ہو چکے ہیں ۔