بھارت مقبوضہ کشمیرمیں شہریوں کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائے ‘ایمنسٹی انٹرنیشنل

جمعرات 14 اپریل 2016 13:02

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا شاخ کے عہدے دار ظہور احمد وانی نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کوکپواڑہ کے قصبے ہندواڑہ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے پر امن مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ سے ایک خاتون سمیت چار شہریوں کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرانی چاہیے اور اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لانی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ مظاہروں کا سلسلہ منگل کو ایک بھارتی فوجی کی طرف سے ایک کشمیری طالبہ کی بے حرمتی کے خلاف شروع ہواتھا اور حکومت کو اس واقعے کی بھی فوری تحقیقات کرانی چاہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ یہ بھارتی فوجیوں کی طر ف سے پر امن مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ کا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے اور فوج کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بھی تحقیقات کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی طورپر آتشیں اسلحہ صرف اسی وقت استعمال کیاجاتا ہے جب انسانی جانوں کے تحفظ کی انتہائی مجبوری ہو اور قانون نافذ کرنے والے حکام کو پر تشدد اور پر امن مظاہرین کے درمیان فرق کرنا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :