بیگناہ شہریوں کا قتل بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے‘سید علی گیلانی

جمعرات 14 اپریل 2016 13:02

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء) بزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہندواڑہ میں ایک اور نوجوان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیگناہ شہریوں کے قتل کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔ انہوں نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کیطرف سے بے گناہوں کے قتل کی تحقیقات کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تحقیقات کا کبھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج کئی دہائیوں سے نہتے کشمیریوں کا خون بہا رہی ہے اور تازہ واقعہ پر بھارتی فوج کے جنرل کا اظہار افسوس ایک بھونڈے مذاق کے سوا کچھ نہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی میڈیا کو بھی مقبوضہ علاقے میں ہونے والا بیگناہوں کا قتل بالکل نظر نہیں آتا اور وہ بھارتی فوج کے مظالم پر قطعی طور پر آنکھیں بند کیے بیٹھا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا سید علی گیلانی کی ہدایت پر ڈاکٹر غلام حسن ملک اور محمد یوسف شہید نوجوانوں کی نما ز جنازہ میں شرکت اور انکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہندواڑہ گئے۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری بیان میں ضلع کپواڑہ میں ایک اور نوجوان کے قتل پر اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بیگناہوں کے قتل کی تحقیقات کے کٹھ پتلی انتظامیہ کے احکامات کو محض ایک ڈھونک قرار دیا ۔

انہوں نے کہا اس طرح کی تحقیقات کا آج تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔ختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے ضلع کپواڑہ میں بیگناہوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا جمعہ کو اسکے خلاف سید علی گیلانی کی طرف سے دی جانے والی پرامن احتجاجی مظاہروں کی کال کی حمایت کی ہے۔ آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ہندواڑہ میں ایک خاتون اور تین نوجوانوں کو جس بے دردی کے ساتھ شہید کیا وہ بھارت کی طرف سے جاری کشمیریوں کی نسل کشی کی پالیسی کا حصہ ہے۔

انہوں نے آزادی پسند قیادت پر زور دیا کہ وہ بھارتی جبر و استبداد کے خلاف ایک موثر اور ٹھوس حکمت عملی اپنائے۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکرٹری محمد عبداللہ طاری نے ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں درگمولہ کپواڑہ میں جہانگیر احمد وانی نامی ایک اور نوجوان کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بیگناہ کشمیریوں کے قتل سے تحریک آزادی کو دبانے کے اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا گرم گرم لہو ایک روز ضرور رنگ لائے گا۔ جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے ایک بیان میں ایک اور نوجوان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کے قتل کالائسنس حاصل ہے۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخموں کی فوری صحت یابی کی دعا کی۔

حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی اور حکیم عبدالرشید نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت قابض بھارتی فورسز کو مقبوضہ علاقے میں نہتے شہریوں کے قتل کی کھلی چھٹی حاصل ہے۔ حریت رہنماؤں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لے۔ حریت رہنماؤں محمد شفیع ریشی اور فاروق احمد ڈار نے بھی درگمولہ میں ایک اور نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے بیگناہوں کے قتل کی کسی عالمی ادارے کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔