Live Updates

تجربہ کار حکمرانوں کے دور حکومت میں تمام ادارے ترقی کے بجائے پستی کی جانب جا رہے ہیں،خرم شیر زمان

پورٹ قاسم کے مزدوروں کے لئے اسمبلی کے فلور اور دیگر پلیٹ فارم پر تحریک انصاف بھر پور آواز بلند کرے گی، رکن سندھ اسمبلی

بدھ 13 اپریل 2016 21:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ تجربہ کار حکمرانوں کے دور حکومت میں تمام ادارے ترقی کے بجائے پستی کی جانب جا رہے ہیں۔ تمام قومی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ وفاقی حکومت بد نیتی چھوڑ کر اداروں کی نجکاری کرنے کے بجائے ان کو درست کرنے پر غور کرے ۔

کسی بھی ادارے کو فروخت کرنا مسئلے کاحل نہیں ہے۔ میاں برادران کو غریب عوام اور مزدوروں کی روزی روٹی کا کوئی سروکار نہیں ہے ۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پورٹ قاسم روڈ نیشنل ہائی وے پر پورٹ قاسم کی نجکاری کے خلاف ملازمین کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پورٹ قاسم کی ترقی میں مزدوروں کا خون پسینہ شامل ہے۔

(جاری ہے)

اور پورٹ قاسم کی موجودہ ترقی میں ان مزدوروں کا کلیدی کردار ہے ۔ آج پورٹ قاسم جس مقام پر ہے اس کے لئے مزدوروں نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ لہذا ڈاک ورکرز اور ان کے زیر کفالت 15ہزار افراد کے منہ سے نوالہ چھیننا بڑی زیادتی کی بات ہے اور دوسری طرف برتھ نمبر 3اور برتھ نمبر 4پر کول ٹرمینل بنانے کے بجائے کسی اور مقام پر کول ٹرمینل بنایا جائے ۔

اگر موجودہ برتوں کو توڑنے کے بجائے دوسری جگہ پر نئی برتھیں اور کول ٹرمینل بنائے جائیں توٹرمینل بھی بن جائے گا اور موجودہ برتھیں بھی برقرار رہیں گی جس سے تقریباً15ہزار لوگوں کی روزی وابستہ ہے۔ اگر حکمران اپنی ہٹ دھرمی سے پیچھے نہیں ہٹے تو پورٹ قاسم کے مزدوروں کے لئے یہ زندگی اور موت کا مسئلہ بن جائے گا۔ اور پورٹ قاسم کے مزدور اپنے حقوق کے حصول کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ پورٹ قاسم کے مزدوروں کے مسائل کے حل کے لئے اسمبلی کے فلور اور دیگر پلیٹ فارم پر تحریک انصاف بھر پور آواز بلند کرے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات