ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی کی زیرصدرات متوقع ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے محکمہ صحت کے ہمراہ تفصیلی اجلاس

بدھ 13 اپریل 2016 19:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک میں لگائے جانے والے کیمپوں میں میڈیسن، او آرایس، گلوگوز ، پانی اور دیگر انتظامات قبل ازوقت ہی مکمل کرلیئے جائیں یہ ہدایات انہوں نے میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرواور محکمہ ہیلتھ کے ہمراہ متوقع ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے تفصیلی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرچیف میڈیکل آفیسربلدیہ شرقی ڈاکٹر شاہد،ڈسپنسری انچارج ڈاکٹر شیبا ارم،، ڈائریکٹر ایجوکیشن بلدیہ شرقی شیر علی کے علاوہ بلدیہ شرقی کے تمام محکمہ جاتی افسران موجود تھے۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک کے خاتمے کیلئے شجرکاری مہم کا دئراہ کار وسیع کیا جارہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا گیاہے کہ شجرکاری مہم میں لگنے والے پودوں کی صحیح نگہداشت ہوسکے ، اس کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی جو کہ نہ صرف ان معاملات کی دیکھ بھال کرے گی بلکہ عوام میں آگاہی اور ڈور ٹو ڈور جاکر پودے مہیا کیئے جائیں ، عوام کے مکمل تعاون کے بغیر یہ مہم کامیاب نہیں ہوسکتی، اس موقع پر یوسی چیئرمین کو بھی آن بورڈ لیا جائیگا ، اس کے علاوہ تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز میں بھی شجرکاری مہم یقینی بنائی جائیگی۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ نے اس موقع پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شاہد سے ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ لی جس میں دوائیاں ، اور آر ایس، گلوگوز اور دیگر اشیاء کے بارے میں پوچھا اور ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات کو جلداز جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیں ۔واضح رہے کہ ہیٹ اسٹروک کے موقع پرمتاثرین کیلئے اہم شاہراہوں ، چوراہوں پر بھی ریلیف کیمپس لگائے جائیں گے ، ان ہیلتھ کیمپس میں او ۔

آر۔ ایس، ٹھنڈا پانی، گلوکوز، پنکھے،بیڈ اور کرسیوں کے انتظام کے ساتھ ساتھ پیرامیڈیکل اسٹاف موجود رہے گا۔ ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ نے اس موقع پر تمام افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متوقع ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے تمام افسران ذمہ داری کے ساتھ اپنا فرض نبھائیں ، اس سلسلے میں کسی افسران کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ، شجرکاری مہم میں لگائے گئے پودے مستقبل میں تن آور درخت بنیں گے اور ہمارے لیئے اجر و ثواب کا ذریعہ بھی ہوں گے۔