چیف جسٹس پانامہ لیکس کے انکشافات پر ازخود نوٹس لیں‘ جماعت اسلامی پنجاب

جماعت اسلامی اپنے تمام ارکان پارلیمنٹ کو احتساب کیلئے پیش کرتی ہے‘میاں مقصوداحمدکی وفود سے گفتگو

بدھ 13 اپریل 2016 18:58

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملکی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے۔ حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن نے ملک کے بچے بچے کو قرضوں میں جکڑ رکھا ہے، وزیر اعظم اور اُس کے خاندان پر ٹیکس چرانے اور کرپشن کے الزامات ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان از خود نوٹس لے کر اپنی سربراہی میں کمیشن تشکیل دے کر آف شور کمپنیاں بنا کر ٹیکس چرانے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات کی تحقیقات کریں اور آئین کی متعلقہ دفعات خصوصاََ دفعہ 62 اور63کی روشنی میں فیصلہ کریں، وزیراعظم کی جانب سے اپنی مرضی کے ریٹائرڈ ججز کی سربراہی میں کمیشن بناکر اپنے لئے کلین چٹ حاصل کرنا عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سیاسی ، معاشی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے۔ ہر طرف لوٹ مار اور کرپشن کا دور دورہ ہے۔ آئس لینڈ کے وزیر اعظم نے اپنی بیوی پر ٹیکس چرانے کا الزام لگنے کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کیا تاکہ آزادانہ انکوائری میں رکاوٹ نہ بنیں اور ہمارے وزیر اعظم اپنے خاندان پر الزامات لگنے کے بعد اپنی مرضی سے ریٹائرڈ ججز کی سربراہی میں کمیشن بنا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پانا مہ لیکس کے انکشافات نے ہمارے موقف کی تائید اور تصدیق کردی ہے۔ سابقہ اور موجودہ حکمران کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ پر کوئی الزام نہیں ہم ہر وقت اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی طرف سے حکمرانوں کی کرپشن کیخلاف تحریک کامقصد عوام میں کرپشن سے نفرت اور شعور اُجاگر کرنا ہے۔

عوام اُٹھ کھڑے ہوں تو ان لٹیروں ، ڈاکوؤں سے جان چھوٹ سکتی ہے اور ملک میں ایک بڑی تبدیلی آسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 60 سال کی جدوجہد کے بعد آئینی بنیادی حقوق حاصل کئے ہیں۔ دہشت گردی اور اس کے اسباب کا خاتمہ ہر پاکستانی کی خواہش ہے مگر اس کی آڑ میں لوگوں کو پکڑنا اور ان کو صفائی کا موقع نہ دیناآئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ جن پر الزامات ہیں ان کی گرفتاری کے بعد عدالتوں میں پیش کرنا اور صفائی کا موقع فراہم کرنا آئینی و قانونی تقاضا ہے۔

اسلام میں غیرمسلموں کے ساتھ بھی انصاف کرنے کا حکم ہے ۔میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ حکومت میگا پرو جیکٹس میں مصروف ہے ۔گڈ گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ، اداروں کا قبلہ درست کرنے ، رشوت کلچر کا خاتمہ ، قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور امن وامان کی صورتحال کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔