رانا ثناء اللہ مولا جٹ بننے کی کوشش نہ کریں،سعدیہ سہیل رانا

مسلم لیگ ن کے گلو بٹوں کی اب نہیں چلے گی تحریک انصاف عوام کے سمندر کو لے کر رائیونڈ پہنچے گی،ر عوام کے سیلاب کے سامنے رانا ثناء اللہ جیسے درختوں پر چڑھ کر جان بچاتے نظر آئیں گے،بیان

بدھ 13 اپریل 2016 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ مولا جٹ بننے کی کوشش نہ کریں۔ مسلم لیگ ن کے گلو بٹوں کی اب نہیں چلے گی۔ تحریک انصاف عوام کے سمندر کو لے کر رائیونڈ پہنچے گی اور عوام کے سیلاب کے سامنے رانا ثناء اللہ جیسے درختوں پر چڑھ کر جان بچاتے نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رانا ثناء اللہ کے دھمکی آمیز بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ عمران خان کو چیلنج کرنے کی بجائے عوام مسائل کو چیلنج سمجھیں تو اُن کے لئے بہتر ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے حواری اُن کی حکومت کو لے ڈوبیں گے۔ انہوں متنبہ کیا کہ رانا ثناء اللہ نے اگر ماڈل ٹاؤن کاواقعہ دہرانے کی کوشش کی تو رانا ثناء اللہ کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرُامن احتجاج تحریک انصاف کا آئینی اور قانونی حق ہے رانا ثناء اللہ کا دماغ دہشت گرد کاروائیوں سے باز نہیں آ سکتا۔ رانا ثناء اللہ کو وزیر قانون نہیں بلکہ ان کے لئے لاقانونیت کی وزارت بنائی جانی چاہیے۔