خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے محاذ آرائی چھوڑنے اور مل کرچلنے کی آرمی چیف کی تلقین سود مند ترین نسخہ ہے ،ملک طاہر جاوید

سی پیک منصوبے کو دشمن کی سازشوں سے بچانے اور ملک میں خوشحالی لانے کے لیے اندرون ملک سیاست دانوں سمیت تمام طبقات کو باہمی اتفاق واتحاد سے طاقت کا اظہار کرنا ہوگا ․ ،چیئرمین ویب کوپ پنجاب

بدھ 13 اپریل 2016 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اپریل۔2016ء) خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے محاذ آرائی چھوڑنے اور مل کرچلنے کی آرمی چیف کی تلقین سود مند ترین نسخہ ہے ․ سی پیک منصوبے کو دشمن کی سازشوں سے بچانے اور ملک میں خوشحالی لانے کے لیے اندرون ملک سیاست دانوں سمیت تمام طبقات کو باہمی اتفاق واتحاد سے طاقت کا اظہار کرنا ہوگا ․ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئرنائب صدر اور ویب کوپ پنجاب کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے یہاں بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے آرمی چیف کے خیالات کی زبردست طریقے سے تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے لیے خوشحالی کی شاہ راہ ہے ․ اس کی تکمیل سے پاکستان میں مضبوط صنعتی بنیاد فراہم ہو جائے گی ․ پاکستان کے وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ز مینی رابطے قائم ہونے جا رہے ہیں ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے لیے پاکستان ا بھی سے دنیا کی نظروں میں سود منداور محفوظ ترین ملک قرار دیا جا رہا ہے ․ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زورلگا رہا ہے ․ انہوں نے اس امر کو کاروباری طبقہ اور عوام کی خوش قسمتی قرار دیا کہ پاک آرمی منصوبہ کی جلد تکمیل اور حفاظت کے لیے پوری طرح کمر بستہ ہے ․انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کاروباری طبقہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر و تکمیل میں مکمل طور پر حکومت کے ساتھ ہے البتہ ملک طاہرجاوید نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بعض سیاست دان اپنی خواہشات کی تکمیل کے لیے ملک کو میدان جنگ بنانے کے لیے صف بندی میں مصروف ہیں جن سے تعمیر و ترقی کے بڑے منصوبے التوا کا شکار ہونے کا اندیشہ ہے اس لیے ملک طاہر جاوید نے ملک بھر کے ایوانہائے صنعت و تجارت صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنوں اور معاشرے کے دیگر طبقات پر زور دیا ہے کہ وہ ایسی منفی سرگرمیوں کی شدید مذمت اور حوصلہ شکنی کریں جن سے سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہونے کا اندیشہ ہو

متعلقہ عنوان :