سزائے موت کے3مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

ملتان، جھنگ، سیالکوٹ جیلوں میں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے

بدھ 13 اپریل 2016 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اپریل۔2016ء)محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل ملتان، ڈسٹرکٹ جیل جھنگ، ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں سزائے موت کے3مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا اورضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں بدھ کی الصبح ڈسٹرکٹ ملتان، جھنگ، سیالکوٹ میں قتل کے مجرمان کوتختہ دار پر لٹکانے کے موقع پر جیل اور اطراف میں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ملتان کے مجرم انوار الحق کو سینٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، انوارالحق نے 2000 میں معمولی تنازع پر اپنے رشتہ دارکو قتل کیا تھا۔ڈسٹرکٹ جیل جھنگ میں قید قتل کے مجرم محمد عرفان کو پھانسی دے دی گئی، عرفان نے 2006 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک خاتون کو قتل کیا تھا۔سیالکوٹ کی ڈسٹرکٹ جیل گزشتہ17 برسوں سے قید فاروق کو اس کے منطقی انجام کو پہنچادیا گیا، فاروق نے 1999 میں سرگودھا میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کیا تھا۔