صوبے میں تاریخی وثقافتی ورثوں کی حفاظت کویقینی بنایا جائے گا،محمودخان

بدھ 13 اپریل 2016 16:38

پشاور۔13اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 اپریل۔2016ء ) خیبرپختونخواکے وزیر کھیل ،ثقافت ،میوزیم اورامورنوجوانان محمودخان نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ صوبے میں تاریخی وثقافتی ورثے خاص کر ملک احمد بابامزار سمیت تمام مزارات اور تاریخی مقبروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ٹھو س اقدامات اٹھائیں کیونکہ یہ ہماری ثقافت کاحصہ اورقیمتی سرمایہ ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ٹورازم کمیٹی روم پشاورمیں ملک احمد بابا کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جبکہ اجلاس میں ممبران کمیٹی رحیم اللہ یوسفزئی ،پروفیسر ڈاکٹر شیرمحمد،پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید خان ،پروفیسر اباسین یوسفزئی اورڈاکٹر محمد نواز کے علاوہ محکمہ ثقافت کے نمائندے بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک احمد بابا کی یوسفزئی قوم کے لئے ان کی خدمات پر روشنی ڈالی اورملک احمد بابا کے مزاراوراس کے ساتھ تاریخی مقبرے کی حفاظت کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں ۔

اجلاس میں مزار کے ساتھ کلچر سنٹر کے قیام اورملک احمد باباکے مزارکو ملاکنڈ یونیورسٹی سے منسلک کرنے کی تجویز پر بھی تفصیلی غوروخوض ہوا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر محمودخان نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دلایا کہ احمد باباکی تاریخ کو محفوظ بنانے کے لئے تمام تجاویز اورمفید مشوروں کوعملی جامہ پہنانے کی بھر پورکوششیں کریں گے اور اس سلسلے میں کمشنر ملاکنڈڈویژن سے بھی بات کریں گے۔