وزیر اعظم مشورہ کرتے تو قوم سے خطاب کی مخالفت کرتا۔ مولانا فضل الرحمان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 اپریل 2016 14:16

وزیر اعظم مشورہ کرتے تو قوم سے خطاب کی مخالفت کرتا۔ مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 اپریل 2016ء): جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس کے انکشافات سرمایہ دارانہ نظام کی جھلک ہیں۔ملک میں پانامہ لیکس کا بھونچال آیا ہوا ہے۔ ہمارے ملک کا مفاد پرست اور سرمایہ کار طبقہ عالمی نیٹ ورک کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے ہمیشہ سرمایہ دار طبقے کو اقتدار کا تاج پہنایا ہے۔

اس حوالے سے کیا ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم نظریاتی ملک ہیں؟ ہماری قوم کا محور سرمائے کے گرد گھومتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم جیسے قوم سے سامنے ہیں ویسا ہمیں پیش نہیں کیا جاتا۔ میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہو گا کہ ملک میں نظریاتی قوتوں کو سپورٹ کیوں نہیں کیا جاتا؟ ان کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس پر اگر وزیر اعظم مجھ سے مشورہ کرتے تو میں وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کی مخالفت کرتا۔

(جاری ہے)

اور ان کو مشورہ دیتا کہ وہ اس حوالے سے پارلیمنٹ میں بات کریں۔ عمران خان سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ اپنے سابقہ برادر نسبتی کی الیکشن مہم چلانے جا رہے ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی توٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ اب عمران خان کے دھرنے کے اعلان پر لوگ ان کا مذاق اڑاتے اور ہنستے ہیں۔