حارث سہیل مکمل صحت یابی کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پرامید

بدھ 13 اپریل 2016 13:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اپریل۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز حارث سہیل نے مکمل صحت یابی کے بعد قومی ٹیم میں کامیاب واپسی کے لیے بھرپور امید کا اظہار کیا ہے۔ حارث سہیل گھٹنے کی انجری کے باعث گزشتہ سال مئی سے قومی ٹیم سے باہر ہیں جبکہ دسمبر 2015 میں حارث سہیل کے گھٹنے کا آپریشن ہوا تھا۔ اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ "میری بحالی تھوڑی سست ہے لیکن میں دن بہ دن بہتر ہورہا ہوں اور خدا کے فضل سے میں مکمل صحت یاب ہوں گا"۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 43 کی اوسط سے 7 نصف سنچریوں کی بدولت 774 رنز بنائے ہیں اور انھیں قومی ٹیم کے مستند بلے بازوں میں شمار کیا جانے لگا تھا تاہم گھٹنے کی انجری کو ان کے کیریئر کے لیے خطرناک قرار دیا جا رہا تھا لیکن انھوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ' یہ سست ہے مگر پورے احتیاط سے ترتیب دیا گیا عمل ہے، میں نے ابھی کرکٹ کی پریکٹس شروع نہیں کی اور جیسا کہ بحالی کا عرصہ ابھی بھی چل رہا ہے اور یہ میری بحالی کا ابتدائی مرحلہ ہے، مکمل بحالی کے لیے 6 ماہ کاعرصہ درکار ہوتا ہے"۔

پاکستان ٹیم رواں سال جولائی میں انگلینڈ کے دورے پر جائے گی جس میں حارث سہیل کی شمولیت ابھی واضح نہیں ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ "میں انجری سے بحالی کے 6 ماہ کے عرصے کے پہلے چار یا پانچ ماہ میں کھیلوں سے متعلق سرگرمیاں شروع کرسکتا ہوں اور کرکٹ سے متعلق سرگرمیاں جون سے شروع کرسکوں گا"۔