پاکستان کو ون ڈے ، ٹی 20 میں آگے جانے کیلئے نئے بلے بازوں کی ضرورت ہے ، مصباح الحق

بدھ 13 اپریل 2016 12:47

پاکستان کو ون ڈے ، ٹی 20 میں آگے جانے کیلئے نئے بلے بازوں کی ضرورت ہے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء)قومی ٹیسٹ ٹیم اور پاکستان کپ میں اسلام آباد ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو ون ڈے اور ٹی 20 میں آگے جانے کیلئے نئے بلے بازوں کی ضرورت ہے۔ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہاکہ پاکستان کپ کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ میں بہت ہی سوچ سمجھ کر اپنی ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے ‘ کھلاڑیوں کے انتخاب میں فٹنس اور سابقہ کارکردگی کو معیار بنایا اور کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت سے کھلاڑی ایسے منتخب کیے ہیں جو پی ایس ایل میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا حصہ تھے اور ان کے منتخب کرنے کی وجہ یہی تھی کہ ان کے ساتھ پہلے بھی کھیلنے کا تجربہ اور ذہنی ہم آہنگی موجود ہے۔انڈر 19 کے کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے مصباح الحق نے بتایا کہ اس میں ہمارے پاس آپشن بہت کم تھی اور ہمیں پہلے سے ہی کھلاڑی منتخب کرکے دے دئیے گئے تھے ‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان کپ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے کیونکہ قومی ٹیم میں ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹ میں نئے بلے بازوں کی اشد ضرورت ہے اور نوجوان کھلاڑی پاکستان کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قومی ٹیم میں اپنی جگہ بناسکتے ہیں۔