اقتصادی راہداری منصوبہ پوری دنیا کے اقتصادی جمود کے خاتمے کا باعث بنے گا، گورنر بلوچستان

امن وامان کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے،محمد خان اچکزئی

منگل 12 اپریل 2016 23:22

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پوری دنیا کے اقتصادی جمود کے خاتمے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری سے گوادر تا کاشغر نہ صرف ہمارا خطہ پوری طرح مستفید ہوگا بلکہ دنیا کو ایک کونے سے دوسرے کونے تک مربوط کرنے کا مقصد سے تاریخی پیش رفت بھی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔جنہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں احمد الہیٰ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ گورنر بلوچستان نے لاہور سے آئے ہوئے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں صوبے میں ترقیاتی عمل اور خاص طور سے قومی شاہراہوں کی تعمیر اور امن وامان کی بہتری کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے سماج کی وسیع اکثریت کی شراکت داری اور شمولیت اشد ضروری ہے۔ معاشرے کے جتنے افراد قومی ترقی اور سماجی ارتقاء کی رفتار تیز کرنے میں فعال اور موثر کردار ادا کرینگے اتنے ہی ہماری معاشی خود مختاری اور سماجی سرخروئی کے امکانات روشن ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی انتھک کاوشوں کے نتیجے میں صورتحال میں قابل ذکر بہتری آئی ہے تاہم اس ضمن میں بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

خطے میں ہونے والی اقتصادی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے بلوچستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا اور لوگوں کو روز گار کے وسیع مواقع ملنے کے ساتھ ساتھ عمومی معاشی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اور چین کے ساتھ گہری دوستی ہے۔ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان خوشگواری اور بہتر تعلقات مزید مستحکم ہونے سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام بلکہ پورے خطے کے امن و ترقی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کی اکثریت نواجوانوں پر مشتمل ہے جن کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں مشغول رکھنے سے ان کی پوشیدہ صلاحیتوں اور توانائی کو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی بکھری ہوئی ہے اور رقبہ وسیع و عریض ہے ۔ بلوچستان کی آبادی دوسرے صوبوں کے کئی اضلاع سے بھی کم ہے مگر یہاں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ایک مشکل عمل ہے۔ آخر میں گورنر بلوچستان اور معزز مہمانوں کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس موقع پر سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر عبدالجبار ، سیکرٹری پی اینڈ ڈی ذوالفقار درانی اور ایڈیشنل سیکرٹری ہاشم خان غلزئی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :