میٹروٹرین اوردیگرفلاح عامہ کے منصوبوں سے دشمنی کرنیوالوں کامقابلہ جان پر کھیل کر کرونگا، محمد شہبازشریف

مٹھی بھر اشرافیہ میٹروٹرین کی مخالفت سے باز آجائے، جان دے دو ں گا ،عام آدمی کے حقو ق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا

منگل 12 اپریل 2016 23:12

میٹروٹرین اوردیگرفلاح عامہ کے منصوبوں سے دشمنی کرنیوالوں کامقابلہ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پرالزامات اورتنقید بے بنیاداورجھوٹ کا پلندا ہے،اس عوامی منصوبے پر وہ عناصر تنقید کررہے ہیں جو اپنی چھٹیاں یورپ میں گزارتے ہیں اور انہوں نے عام آدمی کے ساتھ کبھی سفر کرنے تصور بھی نہیں کیاہے ،اورنج لائن میٹروٹرین کی تکمیل سے مٹھی بھر اشرافیہ کے منہ بند ہوجائیں گے ، میں عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبے میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف پہاڑ بن جاوٴں گا اورمیں جان دے دو ں گا لیکن عام آدمی کے حقو ق پر کسی صورت ڈاکہ ڈالنے نہیں دوں گا،میٹرواورنج لائن اور عام آدمی کے دیگر فلاحی منصوبوں سے دشمنی کرنے والوں کامقابلہ جان پر کھیل کر کروں گا،میٹرواورنج لائن میں شفافیت کی مثال اس سے بڑھ کر کیا ہوسکتی کہ ملک کے 69سالہ تاریخ میں اس منصوبے میں 76ارب روپے بچائے گئے ہیں ،میٹرواورنج لائن ٹرین پر تنقید عام آدمی کے حقوق اور فلاح وبہبود کے منصوبوں کے خلاف سازش ہے اورایسی سازشیں کرنے والے مٹھی بھر عناصر عوام کے غیض وغضب سے نہیں بچ پائیں گے،میرااشرافیہ سے صرف یہی جھگڑا ہے کہ وہ غریب عوام کے منصوبوں کی مخالفت کررہے ہیں اور وہ غریبوں سے خوشحالی کا انقلاب چھیننا چاہتے ہیں اگر وہ غریب عوام کی دشمنی چھوڑ دیں تو میں ان کی ہر بات ماننے کیلئے تیار ہوں لیکن اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو میں ان کاسب سے بڑا دشمن ثابت ہوں گا اورانہیں کسی صورت عوام کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گااورعوام کو ان کا حق دلانے کیلئے کوئی بھی قیمت دینا پڑی میں وہ ہرصورت دوں گا،اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کو ہر قیمت پر مکمل کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایکسپو سنٹر کے آڈیٹوریم میں لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے حوالے سے خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، خواجہ احمد حسان،ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر، چےئرمین پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورتمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین میٹروبس سے بھی بڑھ کر قابل اعتماد منصوبہ ہوگاجس سے عام آدمی کو محفوظ، باکفایت اور باوقار ٹرانسپورٹ میسرآئے گی اورمنصوبے کی تکمیل سے مٹھی بھر اشرافیہ بے مقصد اوربلاجواز تماشابھی ختم ہوگا۔ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی وہ لوگ مخالفت کررہے ہیں جن کے بچے کڑروں روپے مالیت کی لمبی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں ۔

یہ لوگ میٹروٹرین سے تاریخی ورثے کے متاثر ہونے کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں ،یہ تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے کبھی پاکستان کے تاریخی مقامات کو دیکھا تک نہیں بلکہ یہ اپنے کتوں کیساتھ چھٹیاں بھی یورپ اوردیگر ممالک میں منانے جاتے ہیں ۔مٹھی بھر اشرافیہ غریب عوام کے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت اس لئے کررہے ہیں کہ قوم کے غریب عوام کو بہتر اورمعیاری سہولتیں نہ ملیں۔

یہ چاہتے ہیں کہ قوم کے بچے اسی طرح کٹھارا بسوں میں دھکے کھاتے رہیں۔ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے دراصل غریب قوم کے بچوں سے دشمنی کررہے ہیں ۔اگر اشرافیہ کا بچہ بیمار ہوتو وہ پانچ منٹ میں اپنی گاڑی میں ہسپتال لے جاتے ہیں لیکن اگر کسی غریب کا بیمار بچہ میٹروبس یا میٹروٹرین کے ذریعے ہسپتال پہنچے تو انہیں تکلیف ہوتی ہے ۔اشرافیہ چاہتی ہے کہ یہ اپنی حلال یا حرام کی کمائی سے لمبی گاڑیوں میں سفرکرتے رہیں،اپنے قیمتی محلات میں آرام سے رہیں اور ان کے بچے دنیا بھر کی اعلی تعلیمی درس گاہوں میں تعلیم حاصل کرتے رہیں لیکن 95فیصد لوگ بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رہیں۔

میں ایسا ہر گزنہیں ہونے دوں گا ،جان لڑا دو گا کسی کو عوام کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔ مٹھی بھر اشرافیہ کے جانب سے اورنج لائن میٹروٹرین کے عظیم منصوبے کی مخالفت دراصل عظیم پاکستانیوں ،ڈاکٹر وں ، مریضوں،وکلاء،بیواوٴں،یتیموں،طلباء و طالبات اورمحنت کشوں کیخلاف سازش ہے اور عوام ملکر اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔مٹھی بھر اشرافیہ اگر مفاد عامہ کے منصوبوں اورخوشحالی کے انقلاب میں روڑے اٹکانے سے باز نہ آئی تو عوام ان لوگوں کا سڑکوں پر آکرمحاسبہ کریں گے۔

مٹھی بھر اشرافیہ کی کرڑووں عوام سے دشمنی کامقابلہ جان پر کھیل کر کروں گا۔انہوں نے کہا کہ2010ء میں پنجاب کو ڈینگی کی بدترین وباء کا سامنا کرنا پڑا تو میں نے عوام کی سہولت کیلئے ڈینگی ٹیسٹ کی قیمت400روپے سے کم کر کے90روپے مقرر کی تو یہی اشرافیہ عوام کیخلاف عدالتوں میں چلی گئی لیکن عدالت نے فیصلہ عوام کے حق میں دیااورڈینگی ٹیسٹ کی قیمت 90روپے برقرار رکھی۔

آج پھر وہی مٹھی بھر اشرافیہ اورنج لائن میٹروٹرین ثقافتی ورثے کونقصان کا بہانہ بنا کرعدالت میں گئی ہے ۔انہیں ثقافتی ورثے سے تو کوئی سروکار نہیں لیکن یہ تو صرف منصوبے کی مخالفت کر کے عوام سے دشمنی کررہے ہیں ۔مجھے یقین ہے کہ جس طرح ڈینگی کے دوران عدالت نے عوام کے حق میں فیصلہ دیا تھا اسی طرح اورنج لائن میٹروٹرین کے حوالے سے بھی انصاف اور میرٹ کے مطابق ہی فیصلہ آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کو غریب عوام کو درپیش مشکلات اورمسائل کا بالکل احساس نہیں ہے اشرافیہ تو اپنے بچوں کی شادیاں دھوم دھام سے کرلیتی ہے لیکن اگر کسی غریب کو اپنی بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنے پڑ جائیں تو اس پر زندگی تنگ ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے میں تاخیر کے باعث روزانہ6 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔ پاکستان میں کوئی گیس یا تیل کے ذخائر نہیں ہیں کہ اس نقصان کو پورا کیا جاسکے ۔

مجھے اپنی عدلیہ پر پورا اعتماد ہے اور مجھے یقین ہے کہ عدالت عالیہ انصاف اورمیرٹ کے مطابق فیصلہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین چین کی حکومت کا پاکستان کے عوام کے لئے شاندارتحفہ ہے کیونکہ اس منصوبے میں 100فیصد فنڈنگ چین کی ہے ۔منصوبے کیلئے دےئے گئے فنڈز 20سال میں واپس کرنے ہیں اور پہلی قسط میٹروٹرین کے منصوبے کے 7سال بعد ادا کرنی ہے ۔

پاکستان اورچین کی دوستی کو65سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے اورچین کی حکومت کی پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے خطے میں خوشحالی اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اس تاریخی پیکیج کے تحت منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جارہا ہے ۔36ارب ڈالر کی لاگت سے بجلی کے منصوبے لگائے جارہے ہیں ۔اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے میں قوم کے 76ارب روپے بچائے گئے ہیں ۔

جی ٹو جی معاہدوں میں ٹینڈرنگ کا عمل نہیں ہوتا لیکن پنجاب حکومت سے حکومت کے منصوبے اورنج لائن میٹروٹرین میں ٹینڈرنگ مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین منصوبہ شفافیت کی اعلی مثال ہے ۔مجھے خوشی ہوتی اگر اشرافیہ اس منصوبے سے تاریخی ورثے کو نقصان کا بہانہ بنا کر عدالت میں جانے کی بجائے اس منصوبے کی شفافیت کے حوالے سے عدالت کا رجوع کرتی ۔

انہیں پتہ تھاکہ یہ منصوبہ انتہائی شفاف ہے اسی لئے اس حوالے سے انہوں نے عدالت کا رخ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے کسی تاریخی ورثے کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا نہ کوئی تاریخی ورثہ متاثر ہوگا بلکہ پنجاب حکومت نے تو تاریخی ورثے کومزید بہتر اورمحفوظ بنانے کیلئے 10کروڑ روپے کی رقم مختص کردی ہے جس سے ان مقامات کی تزئین وآرائش کی جائے گی۔

اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ تاریخ میں پہلی بارمنصوبے کاسول ورکس پاکستانی کمپنیوں کو دیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین غریب عوام کا منصوبہ ہے اوراسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔خواجہ احمد حسان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کی افادیت اوراہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے انتخابات سے قبل ایک اجلاس کے دوران کہا کہ میری وزیراعظم بننے کی کوئی خواہش نہیں ہے تاہم اگر مجھے یہ ذمہ داری ملی تو میں عوام کی خدمت کر کے اپنی آخرت سنواروں گا۔اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے اسی فلسفے اور عزم کی عکاسی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مرد قلندر شہبازشریف وزیراعظم نوازشریف کی اسی سوچ کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں اورجب لوگ رات کو سو رہے ہوتے ہیں تو خادم اعلی جاگ رہے ہوتے ہیں اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر نظر رکھے ہوئے ہوتے ہیں ۔

شہبازشریف ایسا سپہ سالار ہے جوپیچھے بیٹھ کر نہیں سامنے کھڑے ہوکر حکم دیتے ہیں وہ عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کررہے ہیں ۔چےئرمین ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم نے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے خدوخال بیان کیے۔معروف ٹی وی اینکر سہیل احمد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین مواصلاتی نظام کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔

شہبازشریف انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو آگے بڑھا کر اسی مقصد کو پورا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی مخالفت کرنے والے غریب عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی برداشت نہیں کرپارہے ۔ہمیں غریب عوام کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے سچ کا ساتھ دینا ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین میٹروبس کے منصوبے کی بھی اسی طرح مخالفت ہوئی تھی لیکن منصوبے کی تکمیل کے بعد مخالفین کے منہ بند ہوگئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :