سکھر،بااثر وڈیرے نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی چھ ماہ کی بیٹی کو ونی قرار دیتے ہوئے پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا

منگل 12 اپریل 2016 23:10

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) گمبٹ میں بااثر وڈیرے نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی چھ ماہ کی بیٹی کو ونی قرار دیتے ہوئے پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔بچی اور جرمانہ نہ دینے پر ماں باپ کو کاروکاری کے الزام میں قتل کرنے دھمکیاں۔پولیس نے نہ سنی تو پریمی جوڑا تحفظ اپیل لیکر سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ پہنچ گیاتفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں گمبٹ کے رہائشی سعید احمد جتوئی نے اپنے وکیل ذوالفقار نائچ کی معرفت درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس نے دو سال قبل گمبٹ کی رہائشی ریشماں جتوئی سے پسند کی شادی کی تھی جس پر مقامی وڈیرے گلشن جتوئی نے جرگہ بلا کر اس پر 7 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے اس سے نقدی وصول کیا۔

۔

(جاری ہے)

چھ ماہ قبل اس کے گھر بچی کی پیدائش ہوئی جس پر با اثر وڈیرے کی جانب سے ایک بار پھر جرگہ بلایا گیا جس میں وڈیرے نے ان کی چھ ماہ کی بیٹی کو ونیقرار دیتے ہوئے ان پر مزید پانچ لاکھ روپے مزید جرمانہ بھی عائد کردیا۔۔بچی اور جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے پر کاروکاری کے الزام میں اسے اور اس کی بیوی ریشماں جتوئی کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔۔۔مقامی تھانے میں رپورٹ درج کرانے کے باوجود انہیں تحفظ فراہم نہیں کیا جارہا جس کے باعث اس نے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ سے تحفظ کیلئے رجوع کیا ہے۔۔سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے درخواست منظور کرتے ہوئے تمام فریقین کو طلب کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :