Live Updates

وزیراعظم کی ناسازی طبع کیوجہ پانامہ لیکس ہے ‘ تحریک انصاف

منگل 12 اپریل 2016 23:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے وزیراعظم کی ناسازی طبع کو پانامہ لیکس کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کے دورہ لندن کی جو وجوہات بتائی جا رہی ہیں ان پر یقین کرنا مشکل ہے ۔ اپنے بیان میں نعیم الحق نے کہا کہ شریف خاندان کے درباری وزیراعظم کی دلجوئی کیلئے جھوٹے اور غیر مہذب بیانات کا سہارا لے رہے ہیں جن سے مایوسی اور نامرادی کے علاوہ کچھ حاصل نہ ہوگا۔

(جاری ہے)

پوری قوم پانامہ لیکس کے بعد کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں کے احتساب کا عزم کر چکی ہے اور شریف خاندان کے ملک کے اندر اور باہر اثاثوں اور اکاؤنٹس کی آزادانہ اور شفاف پڑتال سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہو گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم اور ان کا خاندان مزید جھوٹ کا سہارا لینے سے گریز کریں اور ہوشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانامہ لیکس کی تحقیقات کا راستہ ہموار کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوم چیف جسٹس کی سربراہی میں فرانزک ماہرین کے ذریعے شریف خاندان کے اثاثوں، مالیات اور اکاؤنٹس کی جامع پڑتال کروائے بغیر وزیراعظم کو مزید مہلت دینے کو تیار نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بنی گالہ کے گھیراؤ کی حکومتی بھبھکیاں قوم کو مرعوب نہیں کر سکتیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات