پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس کی تبدیلی ،شیڈو کابینہ کی تشکیل کیلئے درخواست پرپنجاب حکومت اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس

منگل 12 اپریل 2016 23:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس کی تبدیلی اور پنجاب میں شیڈو کابینہ کی تشکیل کے لئے دائر درخواست پرپنجاب حکومت اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مسعود جہانگیر نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار محمودالرشید کے وکیل شیراز ذکاء نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب اسمبلی کے موجودہ رولز آف بزنس کے تحت شیڈو کابینہ تشکیل نہیں دی جا سکتی،شیڈو کابینہ کی تشکیل نہ ہونے سے صوبے کے سرکاری‘نیم سرکاری اور خود مختار اداروں کی نگرانی کیلئے قائم پبلک اکاوٴنٹس کمیٹیاں غیر فعال ہیں۔

غیر فعال پبلک اکاوٴنٹس کمیٹیوں کی بنا پر اداروں میں ہونے والی کرپشن‘اختیارات کے ناجائز استعمال کو نہیں روکا جا سکتا جو کہ حکومتی خزانے پر بوجھ ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ پبلک اکاوٴنٹس کمیٹیوں کو فعال کرنے کیلئے برطانوی پارلیمانی نظام کی طرز پر پنجاب میں شیڈو کابینہ بنانے کے احکامات صادر کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس میں مناسب ترامیم کرنے کا بھی حکم دیا جائے ۔ فاضل عدالت نے پنجاب حکومت اور ایڈووکیٹ جنرل کو24 مئی کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔