پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، برطانوی سفیرتھامس دریو سی ایم جی

برطانیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں، عاطف اکرام شیخ

منگل 12 اپریل 2016 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں برطانیہ کے نئے سفیر تھامس دریو سی ایم جی سے ملاقات کی اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے برطانیہ کے سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کی تاجر برادری کے درمیان باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں گے کیونکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بہتر کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس سے پہلے بھی پاکستان میں مختصر عرصے کیلئے رہ چکے ہیں اور کراچی سے اسلام آباد تک پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں برطانیہ کی سرمایہ کاری کے ثمرات اچھی طرح دیکھ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بہتر کاروباری تعلقات کا فروغ دونوں ممالک کیلئے ترقی و خوشحالی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی برطانیہ کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں اور ان کی کوشش ہو گی کی برطانیہ کی مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر توجہ دیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں برٹس بزنس سنٹر کے قائم ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط کو مزید تقویت ملے گی۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط قائم کرنے کی کوشش کریں تا کہ نجی شعبے آپس میں باقاعدگی کے ساتھ ملاقاتیں کر کے دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں برطانیہ کے سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کار اور جوائنٹ وینچرز کے مزید نئے مواقع پیدا ہوں گے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ کا سفارتخانہ برطانیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں پائے جانے والے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت کو مزید بہتر کرنے کیلئے برطانوی سفارتخانے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد میں نائب صدر شیخ عبدالوحید سمیت شیخ طارق صادق، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، زاہد مقبول، اعجاز عباسی، شعبان خالد، خالد ملک اور خالد چوہدری شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :