ہم تنصیبات کی سخت سیکورٹی کے لیے حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں، ایس پی رینج کرائم سرگودہا غلام جیلانی

منگل 12 اپریل 2016 21:45

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 اپریل۔2016ء) وزیراعلی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں اہم تنصیبات کی سخت سیکورٹی کے لیے حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار ایس پی رینج کرائم سرگودہا غلام جیلانی اور انچارج سپیشل برانچ سرگودہا ریجن میاں شفقت اللہ کی قیادت میں آنے والی وزیراعلی پنجاب کی ویجیلنس ٹیم نے اپنے دورہ بھکر کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

ویجیلنس ٹیم نے اپنے دورہ بھکر کے دوران اہم سرکاری و پرائیویٹ دفاتر و اہم تنصیبات کا سیکیورٹی کے حوالے سے معائنہ کیا ۔ٹیم نے ضلع میں اہم بنک ، دفاتر سکول ، کالجز،بس اسسٹینڈ اور اہم تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پرڈی پی او بھکر خالد مسعود چوہدری اورحساس اداروں کے اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی پی اونے ٹیم کو انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے سیکورٹی اقدامات کے متعلق مکمل بریف کیا ۔

ڈی پی او نے تمام ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوز و انچارج چوکیات کو حکم دیا کہ وہ اپنے علاقہ میں تمام سرکاری و پرائیویٹ دفاتر اور ایسے مقامات جہاں پر عوام کا رش زیادہ ہوتا ہے وہاں پر ان کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ٹیم نے انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور تسلی بخش قرا ر دیا۔