ہربھجن سنگھ کو پولیس مظالم کے بارے میں وزیر اعظم مودی کو آگاہ کرنا مہنگا پڑ گیا

منگل 12 اپریل 2016 19:52

ہربھجن سنگھ کو پولیس مظالم کے بارے میں وزیر اعظم مودی کو آگاہ کرنا مہنگا ..

ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12اپریل 2016ء) بھارتی آف سپنر ہربھجن سنگھ کو پولیس مظالم کے بارے میں وزیر اعظم مودی کو آگاہ کرنا مہنگا پڑ گیا ، سوشل میڈیا صارفین نے ان پر معاملے کو سیاست کے لیے استعمال کرنے کا الزام دے ڈالا ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی پنجاب کی پولیس کی جانب سے ایک خاتون بھکاری پر بہیمانہ تشدد کی تصویر لگا کر ہربھجن نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جانا چاہیئے ،پولیس ہمارے اپنے لوگوں کو مارنے کے لیے نہیں بلکہ ان کی حفاظت کے لیے ہے ،اس طرح کا منظر دل دہلادینے والا ہے ،کیا ہم اپنے ملک کا یہی چہرا دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں ؟۔

کئی افراد نے ہربھجن سنگھ کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے مودی کا کوئی تعلق نہیں تھا تاہم ہربھجن نے ان تمام افراد کو سخت جوابات دیئے ۔

(جاری ہے)

ایک صارف کو جواب میں آف سپنر کا کہنا تھا کہ پنجاب بھی بھارت میں آتا ہے ،اگر یہ آپکے ساتھ ہوتا تو آپ کا رد عمل کیا ہوتا؟۔