کسانوں کی کسی قسم کی دشواری برداشت نہیں کی جائے گی ،سلمان غنی

منگل 12 اپریل 2016 18:33

پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 اپریل۔2016ء)ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن آفیسر قصور سلمان غنی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر چھوٹے کسانوں کو باردانہ کے حصول میں کسی قسم کی دشواری برداشت نہیں کی جائیگی اور نہ ہی ان کو خوار ہونے دیں گے۔ اگر کوئی شکایت ملی تو سخت ایکشن لیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز خریداری گندم سنٹر پتوکی کے معائنہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پتوکی محمد نواز گوندل ، ڈی ۔ ایف۔ سی قصور ماجد خاں، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر سید سعید علی شاہ گیلانی، سنٹر کو آرڈینیٹر محمد اکرم طاہر، نائب تحصیلدار میاں محمد امجد ، سب انسپکٹر مارکیٹ کمیٹی ملک غلام عباس، محمد اسلم کمبوہ فوڈ انسپکٹر،یوتھ ونگ تحصیل پتوکی کے صدر بلال چوہدری اور T.M.O محمد شفیع بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری کے سلسلے میں 15 اپریل سے چھوٹے زمینداروں کو حکومتی پالیسی کے مطابق پہلے 5 دن باردانہ جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ باردانہ کے حصول میں پٹواریوں کا کردار ختم کر دیا گیا ہے اور اب ان کی جگہ سنٹر کو آرڈینیٹر تعینات کیے گئے ہیں۔ ڈی سی او قصور نے تمام گوداموں کا جائزہ لیا ۔ بعد ازاں بریفنگ کے دوران اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر سید سعید علی شاہ گیلانی نے ڈی سی او قصور کو بتایا کہ مرکز پتوکی میں 8500 میٹرک ٹن حبیب آباد سنٹر میں 5500 میٹرک ٹن ، سرائے مغل سنٹر میں 5500 میٹرک ٹن جبکہ پھول نگر سنٹر میں 5000 میٹرک ٹن گندم خرید کی جائیگی۔ اور زمیندار کو اب حکومتی پالیسی کے مطابق سال 2016-17 میں 8 بوری کی بجائے 10 بوری فی ایکڑ کے حساب سے باردانہ جاری کیا جائے گا اور 1300 روپے فی 40 کلو گرام کے حساب سے گندم خرید کی جائیگی۔ جبکہ ڈلیوری چارجز9 روپے فی 100 کلو گرام ادا کیے جائینگے۔