نیو ٹیک کے زیر تحت فنی تربیت حاصل کرنے والے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار ملنا شروع ہو گیا

منگل 12 اپریل 2016 17:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اپریل۔2016ء) نیو ٹیک کے زیر تحت فنی تربیت حاصل کرنے والے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار ملنا شروع ہو گیا ہے، بہت سے نوجوانوں کو نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی جابز مل رہی ہیں۔ یہ بات نیو ٹیک کے سربراہ ذوالفقار احمد چیمہ نے فنی تربیت کے غیر ملکی ماہرین اور ڈونرز کے ساتھ میٹنگ کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ڈونرز ہنرمند نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار دلانے میں مدد کریں۔ انہوں نے میٹنگ میں موجود شرکاء کو بتایا کہ حال ہی میں نیو ٹیک ہیڈ کوارٹر میں جاب پلیسمنٹ سینٹر قائم کیا گیا ہے جو ایک ویب سائٹ کے ذریعے آپریٹ کیا جا رہا ہے جس میں ملک بھر کے تربیت یافتہ طلباء و طالبات کی فہرست اور مکمل تفصیلات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ڈیٹا ملکی و غیر ملکی ماہرین اور روزگار فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا ہے جس کی بناء پر سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصاً مڈل ایسٹ اور یورپ سے آئی ٹی کنسٹرکشن، ہیوی مشینری، گارڈز، آپریٹرز اور ہاسپیٹیلیٹی کے شعبہ میں ہنرمند افرادی قوت کی بہت زیادہ طلب آ رہی ہے۔ کانفرنس میں نوجوانوں کو مہارت کی بنیاد پر تربیت اور ملکی و غیر ملکی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ٹریننگ کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اصلاحات پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر ڈونرز اور ووکیشنل ٹریننگ کے غیر ملکی ماہرین نے جاب پلیسمنٹ سینٹر کے قیام اور ہنر مقابلوں کو بہت سراہا اور فنی ہنر کے شعبہ کو مزید فعال بنانے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔