لاہور ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز اور پاکستان پیپلز پارٹی پر پابندی عائد کرنے کے لئے دائر درخواست کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 12 اپریل 2016 16:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اپریل۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کے روبرو درخواست گزار سید اقتدار حیدر نے مؤقف اختیار کیا کہ پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیدار سیاسی مفادات کے لئے ایک دوسرے کی سیاسی جماعت کا نام، جھنڈا اور عہدے استعمال کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ اور عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت کسی سیاسی جماعت کا رکن یا عہدیدار دوسری سیاسی جماعت کے عہدے یا نام کو استعمال نہیں کر سکتا، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز اور پاکستان پیپلز پارٹیکے رہنما اور ورکرز قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک دوسرے کی سیاسی جماعت کے عہدے،،جھنڈے اور نام استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت دونوں سیاسی جماعتوں کو سیاسی مفادات کے لئے استعمال کرنے پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے اور رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دینے سے متعلق عائد اعتراض ختم کرئے۔جس پر عدالت
نے رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست پر عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے پٹیشن کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لیا۔