لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت، اوگرا اور وزارت پٹرولیمکو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 12 اپریل 2016 16:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اپریل۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باوجود حکومت عوام کو مہنگے داموں پٹرولیم مصنوعات فراہم کر رہی ہے۔ حکومت کا پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر پٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں اضافہ غیر قانونی اور عوام کے ساتھ سنگین مزاق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قوانین کے تحت حکومت پٹرولیم مصنوعات پر سترہ فیصد سے زائد سیلز ٹیکس وصول نہیں کر سکتی، حکومت غیر قانونی طور پر پچپن فیصد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کئے جانے والے حالیہ اضافے کے حکومتی اقدام کو کالعدم قرار دے۔جس پر عدالت نے وفاقی حکومت، اوگرا اور وزارت پٹرولیم کواٹھارہ اپریل کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔