صوبے میں تمام سرکاری سکولوں کو درسی کتب کی سپلائی جاری ہے،محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا

اب تک 45.8ملین میں سے 42.4 ملین درسی کتب بروقت فراہم کی جا چکی ہیں ،ترجمان

منگل 12 اپریل 2016 16:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم حکومت خیبر پختونخوا نے سکولوں میں درسی کتب کی کمی سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبے میں تمام سرکاری سکولوں کو درسی کتب کی سپلائی جاری ہے اوراب تک 45.8ملین میں سے 42.4 ملین درسی کتب بروقت فراہم کی جا چکی ہیں اورسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔

محکمہ کے ترجمان کے مطابق درسی کتب میں معمولی سی عارضی تاخیر حکومت خیبر پختونخوا کی سرکاری فنڈز کے استعمال میں شفافیت لانے کے عزم کی وجہ سے ہے اور حکومت درسی کتب کی پرنٹنگ اور ڈیلیوری کے لئے خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے رولز پر سختی سے عمل پیرا ہے۔محکمے نے درسی کتب کی سپلائی شروع کر دی ہے اور ماہ اپریل میں ہی یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ عارضی تاخیر کی وجہ سے درسی کتب کی کمی دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز نے اساتذہ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ خود بک بنکس سے درسی کتب کی ترسیل کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں تاکہ سکولوں کا سکیم آف سٹڈی متاثر نہ ہو۔ہرتعلیمی سال کے اختتام پر ہر سکول میں بچوں سے درسی کتب اکٹھی کر کے بک بنکس میں جمع کی جاتی ہیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبا ئی حکومت نے خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے رولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے درسی کتب کے پرنٹنگ کے لئے پرانا کوٹہ/ایلوکیشن سسٹم ختم کرکے اوپن ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کرایا ہے جس پر آئندہ بھی عملدرآمد جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :