سی ڈی اے ملازمین کی مراعات کا قانونی تحفظ ہمارا آئینی مطالبہ ہے، چوہدری محمد یٰسین

منگل 12 اپریل 2016 16:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) سی ڈی اے پلاننگ ونگ سی بی اے کمیٹی کے عہدیداران میں شامل چوہدری شہزاد ،ناصر ٹمن ،راجہ نسیم شہزاد ،عمر ستی ،ماجد ستی ،عامر سنی ،شفیق احمد ،رفیق عزیز ،وقاص ستی ،شہزاد خان ،سہیل کیانی ،مشتاق احمد ،گل زمان و دیگر نے 20%ڈیزائن الاؤنس دلوانے پر قائد ین سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدر اورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،سردار آصف ،اسد محمود،سید امیر شاہ کاظمی ،احمد علی شیرازی ،وارث دلیپ ،ملک لطیف ،مرزا شفیق و دیگر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی ،تقریب میں ڈائریکٹر ہاؤسنگ سوسائیٹیز ظفر اقبال ظفر بھی شریک ہوئے اس موقع پر چوہدری محمد یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے اپنی نوسالہ تاریخی جدوجہد کے ذریعے نہ صرف پلاننگ ونگ کے ملازمین کو 20%الاؤنس دلوایا بلکہ دیگر ملازمین کو بھی ایسی بے مثال مراعات دلوائیں جن کو آج پاکستان بھر میں دیگر مزدور تنظیمیں بطور مثال پیش کرتی ہیں ،ہماری ٹریڈ یونین کی طویل جدوجہد صرف اور صرف سی ڈی اے ملازمین اور انکے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ہے اور اس وقت ادارے اور محنت کشوں کی تقسیم ہمارے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہے ،سی ڈی اے ہمارا گھر ہے اور ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ اس گھر کی حفاظت کے لیے ہم سب اکھٹے ہو جائیں ادارے کی بقاء کی خاطر ہم اپنی عدالتی ،سیاسی اور آئینی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور سی ڈی اے ملازمین کو ملنے والی مراعات کا قانونی تحفظ ہمارا آئینی مطالبہ ہے ،سی ڈی اے ملازمین نے اپنی زندگیاں اس ادارے کی بہتری اور اس شہر کی تعمیر کرنے میں گزار دیں اور اس شہر کو دنیا کا ایک خوبصورت شہر بنایا جہاں پاکستان کا ہر شہری اس شہر میں اپنا گھر بسانے کا خواہشمند ہے وہاں میرے محنت کش کا بھی حق ہے کہ وہ بھی شہر کا باسی ہو،سی ڈی اے مزدور یونین نے ماضی میں جہاں ریگولر ملازمین کو چار ہزار اور پانچ سو بیواؤں کو پلاٹ الا ٹ کروائے وہاں مزید 4800پلاٹ ڈویلپ سیکٹرز میں منظور کروائے لیکن سی ڈی اے میں موجود نام نہاد لیڈروں نے میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے غیر ضروری حکم امتناعی لیے جسکی وجہ سے سالہا سال سے سی ڈی اے محنت کش انتظار کی سولی پر لٹکا ہو اہے لیکن سی ڈی اے مزدور یونین جہاں سی ڈی اے ملازمین کی اپ گریڈیشن و دیگر معاملات کے لیے عدالتوں میں اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے وہاں ملازمین کو انکا بنیادی حق رہائشی پلاٹ دلوانے کے لیے اپنے وکلاء کے ذریعے اپنی قانونی جدوجہدبھی جاری رکھے ہوئے ہے اور ہمیں امید ہے کہ بہت جلد فیصلہ قانون کے مطابق ہو گا ،اس موقع پر چوہدری محمد یٰسین نے ملازمین کو یقین دلایا کہ پلاننگ ونگ سمیت دیگر ملازمین کے بچوں کی بھرتی سمیت باقی ماندہ مطالبات کو بھی سی ڈی اے مزدور یونین جلد سے جلد پورا کرے گی اور سی ڈی اے مزدور یونین ریفرنڈم سمیت ہر چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار کھڑی ہے ۔

متعلقہ عنوان :