محسن خان کوچ بننے کیلئے سابقہ کامیابیاں گنوانے لگے

منگل 12 اپریل 2016 16:12

محسن خان کوچ بننے کیلئے سابقہ کامیابیاں گنوانے لگے

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12اپریل 2016ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن خان نے ایک بار پھر قومی ٹیم کا کوچ بننے پر نظریں جمالیں، عہدہ حاصل کرنے کے لیے اپنے سابقہ دور کی کامیابیاں گنوانے لگے ۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا ء کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد ہیڈ کوچ وقار یونس خود مستعفی ہوگئے جس کے بعد اب سابق کرکٹرز نے اس عہدے کے لیے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کردیئے ہیں ۔

انہی میں ایک نام سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن خان کا ہے جنہوں نے کوچ بننے کے لیے چیف سلیکٹر بننے کی آفر ٹھکرانے کے بعد اب اپنے سابقہ دور کی کامیابیاں گنوانا شروع کردی ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو میں محسن خان کا کہنا تھا کہ ان کی کوچنگ میں ٹیم کی کاکردگی انتہائی اچھی رہی اور ٹیم نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کو تمام فارمیٹس میں شکست دینے کیساتھ ساتھ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش بھی کیا ،ملکی کوچنگ میں میرا ریکارڈ سب سے اچھا ہے اور میں بطور کھلاڑی ،کوچ اور سلیکٹر پاکستان کی خدمت کی اور ایمانداری سے کام کیا لیکن پھر بھی مجھے فارغ کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

محسن خان کا کہنا تھا کہ کوالیفائڈ کوچ کی باتیں کی جاتی ہیں لیکن بتایا جائے کہ ڈیو واٹمور نے پاکستانی کرکٹ کو کیا دیا ؟، وقار یونس کو 2بار یہ ذمہ داری ملی لیکن وہ ٹیم نہ بنا سکے اور سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں سے لڑنے میں ہی وقت گزار دیا ۔