چوہدری نثار نے کہا کہ مے فیئر فلیٹس کا نواز شریف نے کبھی انکار نہیں کیا تو یہ گوشواروں میں کیوں نہیں ظاہر کئے گئے،چوہدری نثار نے سچ بول کر معاملہ ختم کر دیا، ثابت کر دیا کہ نواز شریف کے گوشواروں کی ڈیکلیریشن غلط ہے، پوری اپوزیشن چوہدری نثار کاسچ بولنے پر شکریہ ادا کرتی ہے، لگتا ہے اعتزاز احسن چوہدری نثار کے اعصاب پر سوار ہو گیا جو نیند میں آتا ہے، میں احتساب کیلئے تیار ہوں،چوہدری نثار اپنا ریکارڈ میرے حوالے کریں، نواز شریف لندن میں علاج کیلئے نہیں آصف زرداری کے دربار میں حاضری کیلئے جا رہے ہیں،شریف خاندان میں ولی عہد کا مسئلہ چل رہا ہے،لگتا ہے چھوٹا بھائی بڑے بھائی کے خلاف منصوبے بنا رہا ہے

پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر اعتزاز احسن کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 12 اپریل 2016 14:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ مے فیئر فلیٹس کا نواز شریف نے کبھی انکار نہیں کیا تو پھر یہ گوشواروں میں کیوں نہیں ظاہر کئے گئے،چوہدری نثار نے سچ بول کر معاملہ ختم کر دیا اور ثابت کر دیا کہ نواز شریف کے گوشواروں کی ڈیکلیریشن غلط ہے، پوری اپوزیشن چوہدری نثار کا سچ بولنے پر شکریہ ادا کرتی ہے، لگتا ہے اعتزاز احسن چوہدری نثار کے اعصاب پر سوار ہو گیا جو نیند میں آتا ہے، میں احتساب کیلئے تیار ہوں،چوہدری نثار بھی اپنا ریکارڈ میرے حوالے کریں، نواز شریف لندن میں علاج کیلئے نہیں آصف زرداری کے دربار میں حاضری کیلئے جا رہے ہیں،شریف خاندان میں ولی عہد کا مسئلہ چل رہا ہے،لگتا ہے چھوٹا بھائی بڑے بھائی کے خلاف منصوبے بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ روز روز بے معنی پریس کانفرنس کرنے کی عادت نہیں، گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس میں میرے خلاف غیر شائستہ زبان استعمال کی، لگتا ہے اعتزاز احسن چوہدری نثار کے ذہن پر سوار ہو چکا ہے اور راتوں کو نیند میں آتا ہے، چوہدری نثار سے ہمدردی ہو گئی ہے ان کے عزیز و اقارب سب انہیں سنبھالیں، مے فیئر فلیٹس کے بارے میں پہلے کہا جاتا تھا کہ یہ نواز شریف کے اثاثہ جات نہیں ہیں لیکن چوہدری نثار نے کہا کہ مے فیئر فلیٹ نواز شریف کے ہیں جو انہوں نے کبھی نہیں چھپائے، حسن نواز کی زبانی یہ موقف سامنے آیا، حسن نواز،مریم اور حسین نواز نے یہ پراپرٹی 2006 میں خریدی تھی، اگر یہ فلیٹس نواز شریف کے ہیں تو پھر گوشواروں میں کیوں نہیں ظاہر کئے، جسٹس افتخار چیمہ کو عدالت نے صرف اس وجہ سے نا اہل قرار دیا تھا کہ ان کی بیگم نے اثاثہ جات میں اپنے دو موروثی پلاٹوں میں ایک بینک اکاؤنٹ گوشواروں میں ظاہر نہیں کئے تھے، چوہدری نثار نے مے فیئر کے فلیٹس کے بارے میں انکشاف کر کے معاملہ ختم کر دیا اور بتا دیا کہ نواز شریف کے اثاثوں کی ڈیکلیریشن غلط ہے اور نواز شریف کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا، نواز شریف کو پہلے کہہ دیا تھا کہ اپنے دائیں بائیں لوگوں کو پہچانیں، اب جائیداد کی فرانزک آڈٹ کی ضرورت ہے کہ یہ کس کمائی اور فنڈز سے یہ جائیدادیں بنائی گئی ہیں، اپوزیشن کی طرف سے چوہدری نثار کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے سچ بول دیا اور مقدمہ ختم کر دیا، میں احتساب کیلئے تیار ہوں، چوہدری نثار کی ماتحت آفیسر سے احتساب کرالیں اور اپنے ٹیکس اور آمدن کا ریکارڈ بھی میرے حوالے کریں، میں تمام ریکارڈ ان کے حوالے کرتا ہوں ، جس سال نواز شریف نے زیرو انکم ٹیکس دیا تھا اور اربوں روپے کی پراپرٹی خریدی تھی اس عرصے میں میں نے 30ہزار گنا زیادہ ٹیکس ادا کیا تھا، آج بھی ان سے 9,8 گنا زیادہ ٹیکس دے رہا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں علاج کیلئے نہیں جا رہے بلکہ آصف زرداری کے دربار میں حاضری کیلئے جا رہے ہیں، مجھے دکھ ہے کہ میری تقریر سے نواز شریف سمیت بہت سے لوگوں کو عارضہ لاحق ہو گیا ہے، آئندہ میں سچ نہیں بولوں گا، نواز شریف تحریک انصاف کے دھرنے سے بچ گئے تھے جس کے بعد ان میں اور ان کے پارٹی رہنماؤں میں تکبر آ گیا تھا، چوہدری نثار سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، میری وجہ سے ان پر ذہنی چوٹ پڑی ہے اور میں ان کے اعصاب پر سوار ہو گیا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں شہباز شریف کا کردار اپنانے کی بات ہے، ممتاز قادری کے چہلم کے جلوس کو لیاقت باغ سے فیض آباد تک آنے دیا پھر آگے چوہدری نثار نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، نواز شریف کے سمدھی اسحاق ڈار نے معاملے کو سنبھالا ورنہ یہاں کوئی اور کام ہی ہونے والا تھا، شریف خاندان میں ولی عہد کا مسئلہ چل رہا ہے، شہباز شریف کی بیگم نے بھی ان کے خلاف بیان دیا ہے۔ لگتا ہے چھوٹا بھائی بڑے بھائی کے خلاف منصوبے بنا رہا ہے۔