قومی ٹیم ساؤتھ ایشین فٹسال چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، عدنان ملک

منگل 12 اپریل 2016 11:54

اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اپریل۔2016ء) پاکستان فٹسال فیڈریشن کے سیکرٹری عدنان ملک نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ساؤتھ ایشین فٹسال چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایشین فٹسال چیمپئن شپ 2 مئی سے بھارت میں شروع ہوگی جس میں پاکستان ، میزبان بھارت، نیپال، مالدیپ، افغانستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس نیپال میں کھیلی گئی پہلی ساؤتھ ایشین فٹسال چیمپئن شپ میں قومی ٹیم نے میزبان نیپال کو 6-4 سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ بھارت نے تیسری، سری لنکا نے چوتھی اور بنگلہ دیش نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 20 اپریل سے اسلام آباد میں شروع ہوگا جس میں 18 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں عمران خان، عدنان سمیع، سعاد محمد، محمد عبید خورشید، گوہر علی مظفر، ذین جاوید، ابوبکر، یاسر خان، محمد الیاس، محمد احسن، دانیال جاوید، اسد احمد، حسنین احمد، احسن احمد، بلال احمد، عثمان رفیق، فیصل رفیق اور اشفاق شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کھلاڑیوں کو کوچز یونس طارق، عدنان ملک اور رانا تنویراحمد جدید اور اعلیٰ تربیت دیں گے۔ ملک مہربان نے کہا کہ 12 رکنی قومی ٹیم کا اعلان 28 اپریل کو کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں عدنان ملک نے کہا کہ اگر حکومت سہولیات فراہم کرے تو قومی فٹسال ٹیم عالمی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کر سکتی ہے، ابھی تک ہمارے پاس کوئی گراؤنڈ نہیں ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت فیڈریشن کو چلا رہے ہیں اور سپانسر کی بھی تلاش ہے، انہوں نے کہا کہ اس کھیل کی ترقی کے لئے سکول اور کالجز کی سطح پر مقابلے منعقد ہونے چاہیں جس سے اس کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :