پاکستان اور پاکستانیوں سے محبت میرے من میں بسی ہے‘اوم پوری

منگل 12 اپریل 2016 11:35

پاکستان اور پاکستانیوں سے محبت میرے من میں بسی ہے‘اوم پوری

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء)بالی ووڈ اداکار اوم پوری کی پاکستان سے محبت اور قربت ان کی اکثر و بیشتر باتوں سے جھلکتی ہے اور حال ہی میں انہوں نے کراچی میں نیشنل اسکول آف آرٹس کی تقریب میں بھی شرکت کی۔معروف ہندوستانی اداکار اوم پوری رواں برس کراچی تشریف لائے تھے اور انہوں نے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے طلبا سے ورکشاپ میں گفتگو بھی کی، ہر چند کہ وہ اپنی ایک زیرتکمیل فلم کی عکس بندی کی غرض سے کراچی میں موجود تھے، حسن اتفاق ان دنوں یہاں تھیٹر فیسٹیول بھی جاری تھا، تو ان کو بھی ورکشاپ میں طلبا سے مخاطب کرنے کی دعوت خالد احمد صاحب نے دی، جس کو انہوں نے قبول فرمایا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے کریئر کی ایک ابتدائی اور اہم ترین فلم ”سٹی آف جوائے“ کے بھی کچھ مناظر دکھائے، جس کو انہوں نے پھر اپنی گفتگو کا حصہ بھی بنایا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور پاکستانیوں سے محبت میرے من میں بسی ہے-مجھے اس موقع پر بھی ان سے مخاطب ہونے کا موقع ملا۔اوم پوری پانچ مرتبہ پاکستان آچکے ہیں اور پہلی بار ”کارا فلم فیسٹیول“ کے سلسلے میں کراچی تشریف لائے تھے، انہوں نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”میں پاکستان آئے بغیر بھی گزشتہ کئی برس سے بیرون ملک پاکستانیوں سے ملتا رہا ہوں۔

دیار غیر میں جب کسی پاکستانی ریستوران کی تعریف سنی، تو کھانا کھانے چلے گئے، دوران سفر ٹیکسی میں بیٹھ گئے، یا کوئی اور ہی ایسا موقع بنا، تو اگر وہ پاکستانی ہیں، تو مجھے مہمان کا درجہ ملتا اور مجھ سے پیسے نہیں لیے جاتے تھے۔